متحدہ عرب امارات کا بڑا اقدام ، پہلا طیارہ غزہ سے 15 بچوں اور ان کے اہل خانہ کو لے کر یو اے ای پہنچ گیا

ابوظہبی(پی این آئی) پہلا طیارہ غزہ سے 15 بچوں اور ان کے اہل خانہ کو لے کر متحدہ عرب امارات پہنچ گیا ہے۔

سنیچر کو پہنچنے والا یہ طیارہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کی جانب سے اس اینیشی ایٹیو کا حصہ ہے جس کے تحت ایک ہزار فلسطینی بچوں کا ان کے اہل خانہ کے ساتھ امارات کے ہسپتالوں میں علاج کیا جائے گا۔شدید زخمی اور جُھلسنے والے بچوں کے ساتھ ساتھ کینسر میں مبتلا نوجوانوں کو غزہ سے رفح راہداری پہنچایا گیا جہاں ان کو امارات کے لیے مصر کے العریش انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ کیا گیا۔وام پر شائع ہونے والے بیان کے مطابق ابوظہبی پہنچنے کے بعد امارات کے ہسپتالوں کی طبی ٹیموں نے بچوں کا استقبال کیا۔ آنے والے ہفتوں میں مزید زخمی فلسطینیوں کے آنے کی توقع ہے۔متحدہ عرب امارات کی معاون وزیر خارجہ برائے صحت ماہا برکات نے کہا ہے کہ امارات کے ہسپتال زخمی فلسطینی بچوں اور ان کے اہل خانہ کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔اسرائیل کی شدید فضائی بمباری اور زمینی کارروائیوں میں ہزاروں بچوں سمیت 11 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

مہا برکات نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات نے 20 ملین ڈالر کا امدادی پیکج مختص کیا ہے اور 14 سو ٹن خوراک، خیمے اور ادوایات لے کر 51 طیارے غزہ بھیجے ہیں۔بعد ازاں متحدہ عرب امارات کے صدر نے غزہ کی پٹی میں ایک فیلڈ ہسپتال قائم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں جہاں ایندھن اور ضروری اشیا کی عدم موجودگی کی وجہ سے مرکزی ہسپتال اور طبی ادارے غیرفعال ہو گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں