مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کا اسرائیل پر راکٹوں اور ٹینک شکن میزائلوں سے حملہ

بیروت(آئی این پی) لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے لبنانی علاقوں میں گولہ باری کے جواب میں اسرائیل پر راکٹوں اور ٹینک شکن میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے شیبا فارمز کے سرحدی علاقے میں اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا گیا ۔حزب اللہ کے مطابق حملے میں راکٹوں، ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل اور مارٹر گولوں کا استعمال کیا گیا۔ حزب اللہ کا کہنا ہیکہ یہ کارروائی اسرائیل کی گولہ باری کا جواب ہے۔دوسری جانب عرب میڈیا نے بتایا کہ لبنان سے ہونے والے حملے میں متعدد اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ہیں،

ایک زخمی اسرائیلی فوجی کی حالت تشویش ناک ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی اسرائیل کی جانب سے لبنان کے سرحدی علاقوں میں حملہ کیا گیا تھا، اسرائیلی فوج کی گولہ باری اور فائرنگ سے ایک صحافی جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے تھے۔گزشتہ روز بیروت کے مضافات میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حزب اللہ کے نائب رہنما نے کہا تھا کہ وہ اسرائیل کے خلاف جنگ میں حماس کا ساتھ دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔حزب اللہ کے نائب رہنما کا کہنا تھا کہ وہ وقت آنے پر مداخلت بھی کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close