کراچی (پی این آئی) بھارتی مسافر طیارے نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز آئی ایکس 192 دبئی سے امرتسر کے روٹ پر تھی، کہ پاکستان کی فضائی حدود بلوچستان میں کوہ پتندر کے قریب طیارے میں سوار ایک مسافر کی طبیعت خراب ہوگئی۔
پائلٹ کے رابطہ کرنے پر ایئر ٹریفک کنٹرولر نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دی۔ بوئنگ 737 طیارے نے دوپہر 12 بجکر 19 منٹ پر کراچی کے جناب انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ سول ایوی ایشن کی میڈیکل ٹیم نے طیارے میں مسافر کا معائنہ کیا۔ ایوی ایشن حکام کے مطابق بھارت کے شہری مسافر کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی۔ میڈیکل ٹیم نے مسافر کو طبی امداد دی۔ ایئرپورٹ کی بارڈر سیکورٹی کی جانب سے مسافر کو ٹریولنگ کے لیے فٹ قرار دینے پر طیارہ دو بجکر 25 منٹ پر کراچی ایئرپورٹ سے امرتسر کے لیے ٹیک آف کر گیا۔ واضح رہے اس سے قبل مارچ میں دوران پرواز مسافر کی موت واقع پر ہونے پر انڈین طیارے نے کراچی میں لینڈنگ کی تھی۔ انڈین طیارہ بلوچستان کے علاقے پنجگور سے 16 ناٹیکل میل مشرق میں محو پرواز تھا، جب پائلٹ نے اسے کراچی کی طرف موڑنے کی درخواست کی۔
پائلٹ نے ہوائی اڈے پر ڈاکٹر اور ایمبولینس کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ایک 60 سالہ نائجیرین شہری کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے اور ان کی نبض رک گئی ہے۔ کراچی ہوائی اڈے پر ڈاکٹروں کی جانب سے مسافر کی موت کی تصدیق کے بعد طیارہ نائجیرین شہری کا جسد خاکی لے کر دوحہ روانہ ہو گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں