اسرائیل اندر سے تقسیم کا شکار ہے، اسرائیلی نیتن یاہو کو پسند نہیں کرتے، بڑا دعویٰ کر دیا گیا

اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے، سیز فائر کے لیے عالمی سطح پر کوئی اقدامات نظر نہیں آرہے، اسرائیل فلسطین پر مکمل قبضے کا منصوبہ بنا رہا ہے، مسئلہ کا واحد حل مذاکرات ہی ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا کہ فلسطین کی صورتحال مزید کشیدہ ہوتی جارہی ہے، عالمی تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے، اسرائیل عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں کررہا ہے، بچوں، خواتین اور اسپتالوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ اسرائیل فاسفورس بم استعمال کررہا ہے، فلسطین کے ہسپتا ل سرد خانوں میں تبدیل ہوگئے ہیں، اسرائیل فلسطینیوں کو ختم کرنے کے درپہ ہے، اسرائیل فلسطین پر مکمل قبضے کا منصوبہ بنارہا ہے۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ سعودی عرب نے معاملے پرمضبوط سٹینڈ لیا ہے،فلسطین میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، قطر، ترکیہ اور دیگرمسلم ممالک بھی کوششیں کررہے ہیں، اسرائیلی مظالم بند ہونے تک صورتحال معمول پر نہیں آسکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ سب سے پہلے سیز فائر کے لیے کوششیں کی جانی چاہئیں، اب تک سیز فائر کی کوئی بات شروع نہیں ہوئی ہے، امریکا اور برطانیہ اسرائیل کی بھرپور حمایت کررہا ہے، اسرائیل جلاد بن کر فلسطین پربم برسارہا ہے، اسرائیل اندر سے تقسیم کا شکار ہے، اسرائیلی نیتن یاہو کو پسند نہیں کرتے، ہر مسئلے کا حل مذاکرات ہی ہیں، عالمی جنگ کا خاتمہ بھی مذاکرات سے ہوا تھا۔نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے شیری رحمان نے کہاکہ پاکستان میں سیاست میں تو ہر ہفتے تبدیلی آتی ہے، نوازشریف کو وطن واپس آنا چاہیئے، ہم ویلکم کریں گے۔لیول پلئینگ فیلڈ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لیول پلئینگ فیلڈ سب کا حق ہوتا ہے، لیول پلئینگ فیلڈ کی بات کرکے ہم نے کونسی غلطی کردی ہے، ہر انتخابات میں کوئی نہ کوئی لیول پلئینگ فیلڈ کی بات کرتا ہے، حلقہ بندیوں پر الیکشن کمیشن سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ سیاست میں بات چیت کے لیے دروازے بند نہیں ہوتے، آصف زرداری کا مولانا فضل الرحمان سے پرانا تعلق ہے، 9 مئی میں ملوث افراد سے بات چیت نہیں ہوسکتی، انتخابات 90 روز کے اندر ہونے چاہیے تھے، سردی گرمی ہوتی رہتی ہے، ہر مہینے میں الیکشن ہوچکے ہیں، موسم کی وجہ سے الیکشن ملتوی نہیں ہونے چاہئیں۔آلودگی کے حوالے سے شیری رحمان نے کہا کہ آلودگی قومی مسئلہ بن گیا ، سموگ کی وجہ سے لوگ متاثر ہورہے ہیں، آلودگی کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، نیشنل کلین ایئر پالیسی پرعملدرآمد ہونا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close