تہران (پی این آئی)امریکا نے ایران کے 6ارب ڈالرز کے اثاثے بحال کردیئے جبکہ ایران نے اپنی حراست میں موجود 5 امریکی شہریوں کو رہا کر دیا ہے۔ایران کی جانب سے امریکی قیدیوں کی رہائی قطر کی ثالثی کے بعد ہوئی۔قطر کی کوششوں سے ایران اور امریکا کے درمیان ایک معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت ایران نے امریکی قیدیوں کو رہا کیا۔
معاہدے کے مطابق امریکا نے ایران کے 6 ارب ڈالرز کے منجمد اثاثوں کو بھی قطر کے ایک بینک میں منتقل کیا ہے جبکہ 5 ایرانی شہریوں کو رہا کیا گیا ہے جو قطر کے شہر دوحہ پہنچ گئے ہیں۔قطر کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان اس معاہدے کے لیے کئی ماہ سے کام کیا جا رہا تھا اور اب اس پر عملدرآمد کیا گیا ہے۔ایران کی جانب سے امریکی شہریوں طیارے میں بیٹھنے کی اجازت اسی وقت ملی جب منجمد اثاثوں کی منتقلی مکمل ہوئی، جن کو پہلے مرحلے میں قطر لے جایا گیا ہے، جہاں سے انہیں واشنگٹن منتقل کیا جائے گا۔5 میں سے 3 افراد کی شناخت سامنے آئی ہے جن میں سے ایک برطانوی نژاد امریکی شہری Morad Tahbaz ہے۔ابھی یہ واضح نہیں کہ اس معاہدے سے ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات میں بہتری آئے گی یا نہیں۔امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ ایران کو منتقل کی جانے والی رقم کو صرف ایسی اشیا ءکی خریداری کے لیے استعمال کیا جاسکے گا جن پر پابندیاں عائد نہیں۔جو بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اس معاہدے پر ریپبلکن جماعت کے رہنماؤں نے کڑی تنقید کی ہے۔امریکی ایوان نمائندگان کانگریس میں خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ Michael McCaul نے کہا کہ جو بائیڈن ماضی کی غلطیوں کااعادہ کر رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں