نیویارک(پی این آئی) امریکہ میں ایک طیارہ ساحل سمندر پر گر کر تباہ ہو گیا۔ یہ ایک چھوٹا طیارہ ’Piper PA-18‘ تھا، جس میں ایک پائلٹ ہی سوار تھا، جو حادثے میں محفوظ رہا۔
امریکی ریاست نیو ہیمشر کے ساحل پر اس وقت ہزاروں لوگ موجود تھے، جنہوں نے اپنی آنکھوں کے سامنے جہاز کو ساحل کے قریب اتھلے پانی میں گرتے ہوئے دیکھا۔کئی لوگ ویڈیوز بنا رہے تھے، جنہوں نے طیارے کے پانی میں گرنے کا منظر بھی اپنے کیمروں میں محفوظ کر لیا۔ منظرعام پر آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ تیزی کے ساتھ بلندی کم کرتے ہوئے نیچے آتا ہے اورپانی پر لینڈنگ کی کوشش کرتا ہے تاہم پانی کی سطح کو چھوتے ہی طیارہ الٹ جاتا ہے۔حیران کن طور پر پائلٹ کو اس حادثے میں خراش تک نہیں آئی اور وہ حادثے کے فوری بعد پانی سے باہر نکل آیا۔ بعد ازاں پائلٹ نے دیگر لوگوں کی مدد سے کھینچ کر طیارے کو بھی پانی سے باہر نکال لیا۔رپورٹ کے مطابق فیڈرل ایوی ایشن حکام اس حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور پائلٹ سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں