نئی دہلی(پی این آئی) پاکستان سے چار بچوں سمیت بھاگ کر غیرقانونی طور پر بھارت جانے اور ہندو نوجوان سچن مینا کے ساتھ شادی کرنے والی سیما حیدر نامی لڑکی کو ایک بار پھر ریاست اترپردیش کے اینٹی ٹیرر سکواڈ (اے ٹی ایس) نے حراست میں لے لیا ہے اور بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیاں اور اینٹی ٹیرر سکواڈ مشترکہ طور پر اس سے تفتیش کر رہے ہیں۔
ایسے میں اترپردیش پولیس کی طرف سے کہا گیا ہے کہ انہوں نے سیما حیدر سے دو ویڈیو کیسٹ، چار موبائل فون، پانچ پاکستانی پاسپورٹس، ایک نیا اور غیراستعمال شدہ پاسپورٹ، جس پر نام اور پتہ نامکمل دیا گیا ہے اور ایک پاکستان کا قومی شناختی کارڈ برآمد کیا ہے۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق اترپردیشن کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آفس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اے ٹی ایس نے دوران تفتیش سیما حیدر سے اہم معلومات حاصل کی ہیں ۔ اے ٹی ایس کے مطابق سیما کا پاکستانی شوہر 2019ءمیں کام کے لیے سعودی عرب گیا۔ وہ اپنی بیوی کو ہر ماہ70سے 80ہزار پاکستانی روپے بھیجتا تھا۔ سیما نے اس میں سے بھی رقم بچاتی رہی اور دیگر کئی ذرائع سے بھی رقم جمع کی جسے بھارت جانے کے لیے استعمال کیا۔ اے ٹی ایس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ سیما نے اپنے سسر اور کچھ رشتہ داروں سے بھی حیلے بہانے سے رقم حاصل کی۔ اس نے 12لاکھ روپے میں ایک گھر خریدا تھا، وہ بھی اس نے خریدنے کے تین ماہ بعد ہی فروخت کر دیاتاکہ وہ اس رقم کو بھارت جانے کے لیے بروئے کار لا سکے۔10مارچ کو سیما نے کراچی ایئرپورٹ سے پرواز پکڑ اور شارجہ ایئرپورٹ پہنچی اور وہاں سے سیاحتی ویزے پر نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو پہنچ گئی۔ اسی دوران سچن مینا 8مارچ کو گورکھ پور گیا اور دو دن بعد وہ بھی کٹھمنڈو چلا گیا۔
وہاں دونوں ایک ہوٹل میں قیام پذیر ہوئے۔ اس نے سیما کو کٹھمنڈو ایئرپورٹ سے لیا۔ دونوں ہوٹل میں 7دن مقیم رہے اور پھر سیما وہاں سے واپس پاکستان چلی گئی۔دو ماہ بعد سیما اپنے چار بچوں ساڑھے 7سالہ فرحان ، ساڑھے 6سالہ فروا، 5سالہ فریحہ اور 3سالہ منی کے ہمراہ سیاحتی ویزے پر دبئی گئی ۔ اب سیما بڑے تینوں بچوں کے ہندو نام رکھ چکی ہے جو بالترتیب راج، پریانکا اور پری ہیں۔دبئی پہنچنے کے اگلے روز اس نے وہاں سے کٹھمنڈو کی پرواز پکڑی اور11مئی کو پوکھرا پہنچ گئی۔ وہاں اس نے اپنے بچوں کے ساتھ ہوٹل میں رات گزاری۔اے ٹی ایس کے مطابق سیما پوکھرا سے بس میں سوار ہوئی اور سدھارتھ نگر سے بھارت میں داخل ہو گئی۔ وہاں سے وہ لکھنو اور آگرہ سے ہوتی ہوئی13مئی کو گوتم بدھا نگر پہنچی جہاں ربوپورہ کے علاقے میں سچن نے ایک فلیٹ کرائے پر لے رکھا تھا اوردونوں اس فلیٹ میں اکٹھے رہنے لگے۔اترپردیش پولیس کے مطابق بھارت میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے کے جرم میں سیما کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں