رواں سال حج سیزن تمام مراحل میں انتہائی آرام و سکون سے مکمل ہوا، سعودی حکام

مکہ مکرمہ (پی این آئی) حج سیزن کے تمام مراحل خاص کر وقوف عرفہ، مزدلفہ میں رات کو قیام اور تینوں دنوں کی رمی انتہائی آرام وسکون سے مکمل ہوگئی۔سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے جو اعلی حج کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں، حج سیکیورٹی پلان کے نفاذ میں شریک وزارت داخلہ، ریاستی سلامتی، وزارت نیشنل گارڈز، وزارت دفاع اور محکمہ خفیہ کے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے حجاج کی سلامتی کو یقینی بنانے کیانتظامات اور سیکیورٹی سکیمیں کامیاب بنانے پراطمینان کا اظہار کیا۔ سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر داخلہ نے جمعے کو وزارت کے دفتر مکہ مکرمہ میں اعلی عہدیداروں سے ملاقات کی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ’ تمام عسکری اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی کے باعث حج سیکیورٹی پلان کامیاب رہا۔ انہوں نے نیشنل گارڈز اور وزارت دفاع کے وزرا اور حج سیکیورٹی انتظامات میں شریک تمام اداروں کے سربراہوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل نے کہا کہ ’حج سیزن 2023 ہر طرح کے متعدی امراض اور صحت عامہ کو خطرات پیدا کرنے والے مسائل سے پاک رہا۔ صحت سکیمیں کامیاب رہی ہیں۔ ایس پی اے کے مطابق وزیر صحت نے جمعے کو منی میں کنٹرول سینٹر سے بیان میں کہا کہ’ سعودی قیادت کی مدد اور شہزادہ محمد بن سلمان کی مسلسل نگرانی کی بدولت حج سیزن کی صحت سکیمیں کامیاب رہیں۔ حج سیزن ہر طرح کی متعدی بیماریوں یا صحت عامہ کو خطرات لاحق کرنے والے مسائل سے پاک و صاف رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود کی زیرقیادت اعلی حج کمیٹی نے تمام صحت مسائل حل کرانے میں تعاون دیا۔ وزیر صحت نے گورنر مکہ مکرمہ و سربراہ مرکزی حج کمیٹی شہزادہ خالد الفیصل، نائب گورنر مکہ مکرمہ و نائب سربراہ مرکزی حج کمیٹی شہزادہ بدر بن سلطان اور مکہ مکرمہ گورنریٹ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ ان کی مسلسل توجہ کے باعث صحت سکیمیں کامیاب ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ’ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی انتہائی خواہش رہی کہ تمام حجاج کی صحت کی حفاظت سب سے اوپر رہے۔ 354 سے زیادہ صحت اداروں اور 36 ہزار سے زیادہ صحت عملے اور 7600 سے زِیادہ رضاکاروں کی مربوط کوششوں کے باعث ایام حج میں صحت سکیمیں کامیاب رہی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close