لبیک اللہم لبیک، لاکھوں عازمین حج وقوف عرفات کے لیے پہنچ گئے

میدان عرفات (پی این آئی) مکہ مکرمہ میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے پہنچنے والے عازمین حج آج منگل 27 جون کو میدان عرفات میں حج کا رُکنِ اعظم وقوف عرفہ ادا کر رہے ہیں۔ عازمین حج مسجد نمرہ اور میدان عرفات میں عبادات کریں گے اور حج کا خطبہ سنیں گے۔سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزارت مذہبی امور کے حکام نے میدان عرفات میں حجاج کے خیر مقدم کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ حجاج کے قافلے پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہی میدان عرفات پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔

بتایا گیا ہے کہ حجاج میدان عرفات میں ظہر اور عصر کی نماز ایک اذان دو اقامت کے ساتھ قصر ادا کریں گے اور غروب آفتاب تک وقوف کریں گے۔یہ بات اہم ہے کہ عرفات کا رقبہ 33 مربع کلو میٹر ہے۔ یہ مکہ سے مشرق کی جانب طائف کی راہ پر 21 کلو میٹر دور ایک بڑا وسیع و عریض میدان ہے جہاں دنیا کے گوشے گوشے سے آنے والے عازمین حج 9 ذی الحجہ کو جمع ہوتے ہیں۔ میدان عرفات شمال سے جنوب تک 12 کلو میٹر اور مشرق سے مغرب تک پانچ کلو میٹر تک پھیلا ہوا ہے۔ شمالی جانب سے عرفات نامی پہاڑی سلسلے میں گھرا ہوا ہے۔ میدان عرفات مکہ مکرمہ سے 22 کلومیٹر دور ہے جبکہ وادی منی سے اس کا فاصلہ 10 اور مزدلفہ سے 6 کلومیٹرہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close