شدید گرمی کے باوجود رواں سال تاریخ کا سب سے بڑا حج، کتنے لاکھ حج عازمین سعودی عرب پہنچ گئے؟

مکہ مکرمہ (پی این آئی)لاکھوں کی تعداد میں حج ادائیگی کیلئے سعودی عرب پہنچے حاجیوں نے آج تاریخ کے سب سے بڑے حج کا آغاز کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق رواں برس عازمین حج کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرتے ہوئے ماضی کے ریکارڈ توڑ سکتی ہے۔ عازمین حج کی اس ریکارڈ ساز تعداد میں 160 ممالک سے سعودی عرب پہنچے افراد شامل ہیں، چنانچہ رواں برس کا حج تاریخ کا سب سے بڑا حج قرار دیا جاسکتا ہے۔

سعودی وزارت حج وعمرہ کے عہدیدار کی پیشگوئی کے مطابق اگر چیزیں منصوبے کے مطابق رہیں تو رواں برس ہم تاریخ کا سب سے بڑ ا حج دیکھیں گے، سعودی وزارت حج وعمرہ کے اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ رواں برس عازمین حج کی تعداد 25 لاکھ سے بھی تجاوز کرسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ جمعے تک دنیا بھر سے 16 لاکھ سے زائد عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس پہنچ چکے تھے۔امسال فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے رواں برس ایک لاکھ57 ہزارپاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچے ہیں، پاکستانی حکام کے مطابق منیٰ میں پاکستان حج مشن کے 2 کیمپ آفس قائم کیےگئے ہیں، شعبہ گمشدگی وبازیابی، رہنمائی، شکایات اور مانیٹرنگ ڈیسک24 گھنٹے کام کریں گے۔سعودیہ کی ایک کاروباری شخصیت کے مطابق رواں حج سیزن کے دوران ہمارے 67 ہوٹلوں میں کوئی ایک کمرہ خالی نہیں ہے۔ دوسری جانب 65 سالہ مصری شہری عبدالعظیم نے دوران طواف بتایا کہ میں اپنی زندگی کے خوبصورت ترین ایام بسر کر رہا ہوں، میرے خواب کو تعبیر مل گئی ہے، میں نے حج کی ادائیگی کے لیے 20 سال تک بچت کرکے 6 ہزار ڈالر جمع کیے ۔مناسکِ حج کا آغاز آج سے ہوگیا ہے، عازمینِ حج آج نماز ظہر سے پہلے مِنیٰ پہنچ چکے ہیں، مِنیٰ میں عازمین کیلئے خیموں کی بستی بسا دی گئی، عازمین رات مِنیٰ میں ہی قیام کریں گے۔منگل کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد عازمین حج مِنیٰ سے میدان عرفات روانہ ہوں گے جبکہ حج کا رکن اعظم ’وقوف عرفہ‘ منگل کو ادا کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close