حکومت پاکستان نے عازمین حج کی سہولت کے لئے منیٰ میں مرکزی کنٹرول آفس قائم کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) حکومت پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کی مدد اور سہولت کے لئے منیٰ میں مرکزی کنٹرول آفس قائم کر دیا ہے۔ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق کنٹرول روم میں معلومات اور رابطے کو یقینی بنانے کے لیے ایک انفارمیشن سیل قائم کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ گمشدہ حاجیوں یا گمشدہ سامان کی تلاش میں مدد کے لئے ایک خصوصی سیل بھی قائم کیا گیا ہے ۔

نجی طور پر حج کے لئے جانے والے عازمین کے کسی بھی ممکنہ مسائل کی کڑی نگرانی اور ان کے حل کے لیے ایک علاحدہ مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے۔مختلف دیگر خصوصی یونٹس، جیسے کہ وہیل چیئر ڈیسک وغیرہ حاجیوں کی سہولت کے لیے قائم کیے گئے ہیں ، ان سہولیات کی فراہمی کا مقصد قیام حج کے انتظامات کو بہتر بنانا ہے۔واضح رہے کہ مناسکِ حج کا آغاز آج سے ہورہاہے اور عازمینِ حج آج نماز ظہر سے پہلے مِنیٰ پہنچیں گے ، مِنیٰ میں عازمین کیلئے خیموں کی بستی بسا دی گئی، عازمین رات مِنیٰ میں ہی قیام کریں گے۔منگل کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد عازمین حج مِنیٰ سے میدان عرفات روانہ ہوں گے جبکہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ منگل کو ادا کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close