آخری سفر سے قبل ہی ٹائٹن آبدوز کی سیفٹی کے حوالے سے شدید تحفظات لاحق تھے، تہلکہ خیز انکشاف

نیویارک(پی این آئی) گزشتہ دنوں بحر اوقیانوس میں آبدوز کے سانحے میں ہلاک ہونے والے برطانوی اور فرانسیسی مہم جوہمیش ہارڈنگ اور پاؤل ہنری نارجیولیٹ کے ایک مشترکہ دوست نے انکشاف کیا ہے کہ ان دونوں مہم جوشخصیات کو ٹائٹن نامی اس آبدوز کی سیفٹی کے حوالے سے شدید تحفظات لاحق تھے۔ میل آن لائن کے مطابق ہمیش ہارڈنگ اور پاؤل ہنری نارجیولیٹ کے اس مشترکہ دوست کا نام وکٹر ویسکوو ہے جو خود بھی سمندر میں مہم جوئی کرتے رہتے ہیں اور اسی مشترکہ شوق کی بدولت ان کی ہارڈنگ اور پاؤل کے ساتھ دوستی ہوئی تھی۔

وکٹر نے بتایا ہے کہ ہارڈنگ اور پاؤل نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے ٹائٹن کے محفوظ نہ ہونے کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا تھا۔ تاہم وہ ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کے لیے اتنے پرجوش تھے کہ ان خدشات کو پس پشت ڈال دیااور ٹائٹن میں سوار ہو گئے۔وکٹر نے سکائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”ہارڈنگ اور پاؤل نے مجھ سے مشورہ مانگا تھا کہ وہ اس سفر پر جائیں یا نہ جائیں؟ اس پر میں نے انہیں جواب دیا تھا کہ اگر تمہاری جگہ میں ہوتا تو میں ٹائٹن میں کبھی سوار نہ ہوتا۔“وکٹر سے سوال پوچھا گیا کہ کیا اس سفر سے پہلے آپ کی ان دونوں سے بات ہوئی تھی؟اس کے جواب میں وکٹر نے کہا کہ ”یقینا، کمیونٹی میں یہ ایک مشترکہ موضوع بحث تھا،

جس میں ہم ٹائٹن کے ڈیزائن میں موجود خامیوں اور دیگر مسائل پر گفتگو کرتے تھے۔کمیونٹی میں ہم سب کو ٹائٹن کے محفوظ ہونے پر خدشات لاحق تھے اور بدقسمتی سے ہمارے خدشات درست ثابت ہوئے۔پاؤل اور ہارڈنگ نہ صرف ان خدشات سے بخوبی آگاہ تھے بلکہ انہوں نے خود بھی ان پر بات کی تھی۔“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close