روسی شہر روستوف پر باغیوں کا قبضہ، مسلم ریاست چیچنیا کے سربراہ رمضان قادریوف میدان میں کود پڑے

ماسکو (پی این آئی) روس میں نجی فوجی کمپنی ویگنر گروپ نے بغاوت کرکے روستوف شہر پر قبضہ کرلیا ہے ، جس کے بعد چیچنیا کے مسلح دستے روس کی حمایت میں متاثرہ علاقے کی جانب روانہ ہوچکے ہیں۔ روسی جمہوریہ چیچنیا کے سربراہ رمضان قادریوف نے روس کی مکمل حمایت کااعلان کرتے ہوئے مسلح دستے روستوف روانہ کردیئے ہیں۔

قادریوف کے اعلان کے بعد چیچن دستے متاثرہ علاقے روستوف پہنچ گئے ہیں اور مقامی میڈیا نے چیچن دستوں کی ویڈیوز بھی جاری کی ہیں۔خیال رہے کہ روس میں نجی فوجی کمپنی ویگنر گروپ نے بغاوت کردی ہے ، باغیوں کی جانب سے روستوف شہر کےفوجی ہیڈکوارٹر پر قبضے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق باغی ویگنر گروپ کے سربراہ یووگنی پری گوژن نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں روستوف شہر پر قبضے کے دوران کسی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا، انہیں عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی اور حمایت ملی ہے ۔ غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ روستوف پر قبضے کے بعد باغی فوجوں نے دارلحکومت ماسکو کی جانب پیش قدمی شروع کردی ہے جبکہ دوسری جانب سے روسی افواج بھی مکمل طور الر ٹ ہیں اور کسی بھی حملے کی صورت میں بھرپور جوابی کارروائی دینے کی تیاری میں مصروف ہوگئی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں