خصوصی پروگرام جس کے تحت 60 پاکستانیوں کو سعودی حکومت کی جانب سے حج کروایا جائیگا

جدہ(پی این آئی) ایک سپیشل پروگرام کے تحت سعودی حکومت نے 60پاکستانی عازمین حج کو سپانسر کیا ہے جو بطور ریاستی مہمان سعودی عرب پہنچیں گے۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق ان عازمین میں مردوخواتین شامل ہیں جو آئندہ ہفتے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جائیں گے۔ سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی طرف سے گزشتہ ہفتے فرمان جاری کیا گیا تھا کہ ’خادم حرمین شریفین کے مہمان‘پروگرام کے تحت 90مختلف ممالک سے 1300عازمین حج کو سپانسر کرے۔

یہ لوگ سعودی فرماں روا کے مہمان کے طور پر حج بیت اللہ کریں گے۔پاکستان میں سعودی سفارتخانے کے عہدیدار ابوبکر صدیق نے اس حوالے سے بتایا کہ ”اس پروگرام کے تحت ہر سال مختلف ممالک سے عازمین حج کو سعودی حکومت سپانسر کرتی ہے۔ یہ لوگ فرماں رواں کے مہمان کے طور پر سعودی عرب میں قیام کرتے اور فریضہ حج ادا کرتے ہیں۔“واضح رہے کہ گزشتہ سال 40پاکستانیوں نے اس پروگرام کے تحت فرماں روا کے مہمان کے طور پر حج کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں