لندن(پی این آئی) سمندر میں تباہ ہونے والی لاپتا ٹائٹن آبدوز کی تلاش کے دوران کے 5 بڑے ٹکڑے ملنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ ریسکیو ٹیموں کوسمندر میں لاپتا ٹائٹن آبدوز کی تلاش کے دوران 5 بڑے ٹکڑے ملے ہیں۔
ان میں ٹیل کون، ونڈو کا پارٹ ہول، لینڈنگ فریم ودیگر شامل ہیں۔ ریسکیو ٹیموں کو ٹائٹن آبدوز کے پانچ بڑے حصے ملے ہیں، جو ٹائٹینک کے قریب 1600 فٹ کے فاصلے پر تباہ کن دھماکے کا شکار تھے، اس دھماکے سے جہاز میں موجود پانچوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔کینیڈا کے بحری جہاز ہورائزن آرکٹک کے ذریعے ریموٹ سے آپریٹ ہونے والی گاڑی کو سمندر کے فرش پر ملبہ ملا، جس میں ٹیل کون، ونڈو کا پارٹ ہول، اور لینڈنگ فریم کے حصے شامل تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ آبدوز کے ان حصوں کی دریافت کے بعد انہیں معلوم ہوا کہ ان ٹکڑوں میں پریشر ہل کا اگلا اور پچھلا حصہ، کھڑکی یا ونڈو کا پورٹ ہول بھی شامل تھا جس میں ہلاک مسافروں میں سے ایک باہر دیکھ رہا ہوگا جب جہاز تباہ ہوا۔دوسری جانب امریکی کوسٹ گارڈ نے یہ نتیجہ ایک ریموٹ کنٹرول والے آلے کے ذریعہ زیر سمندر حاصل کردہ ملبے کی جانچ کے بعد اخذ کیا ہے۔ یہ ملبہ ٹائٹینک جہاز کے ملبے سے تقریباً 488 میٹر دور ملا۔ امریکی کوسٹ گارڈ کے ریئر ایڈمرل جان ماوگر نے بوسٹن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ انہوں نے ٹائٹن پر سوار تمام پانچوں افراد کے اہل خانہ کو مطلع کر دیا ہے۔انہوں نے کہا،”امریکی کوسٹ گارڈ اور تمام متحدہ کمان کی طرف سے میں متاثرہ کنبوں کے ساتھ دلی تعزیت پیش کرتا ہوں۔” انہوں نے بتایا کہ ٹائٹینک کی باقیات کے قریب ملنے والا ملبہ آبدوز کے پھٹنے سے مطابقت رکھتا ہے۔ مزید برآں ٹائٹن حادثے میں وفات پانے والے شہزادہ داؤد اور سلیمان داؤد کے اہلخانہ نے اعلامیہ جاری کر دیا۔
داؤد فیملی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہمارے پیارے بچے اوشن گیٹ کی ٹائٹن آبدوز پر موجود تھے جو سمندر میں غرق ہوئی۔داؤد فیملی نے کہا وفات پانے والوں اور ہمارے خاندان کو اس مشکل موقع پر اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، ہم نیک تمنائیں رکھنے والوں کے شکرگزار ہیں جو اس مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے۔اعلامیے میں دیگر مسافروں کے خاندانوں سے بھی اظہارِ افسوس کیا گیا اور ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والوں کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ جب کہ پاکستان کے دفتر خارجہ نے آبدوز سانحے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں کے خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے سرچ مشن میں شریک ممالک کا شکریہ ادا کیا ہے۔پاکستان دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ “ہم داؤد خاندان اور دیگر مسافروں کے اہل خانہ سے بحراوقیانوس میں ٹائٹینک کے حوالے سے آنے والی افسوس ناک خبروں پر اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ ” بیان میں مزید کہا گیا کہ “ہم اس آبدوز کی تلاش کے لیے گذشتہ کئی روز سے جاری کثیرالملکی سرچ مشن کی تعریف کرتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں