لندن (پی این آئی) لاپتہ ٹائٹن آبدوز کے تمام مسافروں کی ہلاکت کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق ٹائی ٹینک جہاز کے ملبے کو دیکھنے کے سفر پر جانے والی لاپتہ آبدوز ٹائٹن کی مالک کمپنی اوشین گیٹ کی جانب سے اہم اعلان کیا گیا ہے۔ اویشن گیٹ کمپنی کی جانب سے لاپتہ آبدوز کے مسافروں کی ہلاکت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یقین ہے کہ ٹائی ٹینک کے ملبے کو دیکھنے کے سفر پر جانے والی آبدوز میں سفر کرنے والے تمام 5 مسافر اب زندہ نہیں رہے، ان افراد کو کھونے کا بہت افسوس ہے۔ جبکہ امریکی کوسٹ گارڈز کی جانب سے لاپتہ آبدوز ٹائٹن کے تمام مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ کچھ گھنٹے قبل امریکی کوسٹ گارڈز نے لاپتہ آبدوز ٹائٹن کا ملبہ مل جانے کا دعوٰی کیا تھا۔ امریکی کوسٹ گارڈز کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ٹائی ٹینک جہاز کے ملبے کے قریب تلاشی کے علاقے میں کچھ ملبہ دریافت ہوا۔ روبوٹ آبی گاڑی کی مدد سے ٹائی ٹینک جہاز کے ملبے کے قریب گمشدہ آبدوز کے ملبے کے آثار ملے، اس حوالے سے اکٹھی کی جانے والی معلومات کا جائزہ لیا جا رہا تھا۔ واضح رہے کہ جمعرات کے روز گمشدہ آبدوز میں آکسیجن کا ذخیرہ ختم ہو جانے کا وقت قریب آنے پر آبدوز ٹائٹن کی تلاش مزید تیز کر دی گئی تھی۔ ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ٹائی ٹینک کی سیر کو گئی آبدوز کی تلاش کیلئے جدید روبوٹ آبی گاڑی سمندر کی تہہ میں پہنچی۔ گمشدہ آبدوز ٹائٹن کی تلاش کیلئے ٹائی ٹینک جہاز کے ملبے کے اوپر سطح سمندر پر قریب 10 بحری جہاز اور ریسکیو ہوائی جہاز موجود ہیں، جو مسلسل آبدوز ٹائٹن کی تلاش میں مصروف ہیں۔ ٹائٹن کی تلاش کیلئے جمعرات کے روز 2 جدید روبوٹ آبی گاڑیاں بھی ریسکیو فلیٹ میں شامل ہوئیں۔ پاکستانی وقت کے مطابق جمعرات کی شام کو جدید روبوٹ آبی گاڑی زیر سمندر ٹائی ٹینک کے ملبے کی جگہ پر پہنچ گئی تھی اور گمشدہ آبدوز کی تلاش شروع کی گئی۔ جبکہ یہ بھی بتایا گیا کہ ٹائی ٹینک کی سیر کے سفر کے دوران لاپتہ آبدوز میں آکسیجن ختم ہو چکی۔ عالمی میڈیا کے مطابق لاپتہ آبدوز میں آکسیجن کی سپلائی ختم ہونے کے بعد اب اس کے اندر موجود پانچ افراد کو زندہ نکالنے کے لیے معجزے کی ضرورت ہوگی لیکن لاپتہ ٹائی ٹینک آبدوز کی تلاش اور اس پر سوار مہم جو افراد کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، دنیا اب ایک ‘معجزے’ کی دعا کر رہی ہے، بحر اوقیانوس کی گہرائیوں سے 30 منٹ کے وقفوں پر آوازیں سنی گئیں لیکن ابھی تک اس کا پتہ نہیں چل سکا۔
ٹائی ٹینک کے ملبے تک تفریحی سفر پر لے جانے والی لاپتہ آبدوز کی تلاش کا کام کرنے والی امدادی ٹیموں میں شامل امریکی کوسٹ گارڈ نے جمعرات کی صبح جاری بیان میں کہا تھا کہ آبدوز پر سوار افراد کے پاس چند ہی گھنٹے ہی باقی بچے ہیں، اس کو ذہن میں رکھتے ہوئے لاپتہ آبدوز کی تلاش کا عمل حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے کیوں کہ لاپتہ آبدوز ٹائٹن میں موجود افراد کے پاس موجود آکسیجن تقریباً پانچ گھنٹے مزید چلے گی۔ امریکی کوسٹ گارڈ کے کیپٹن جیمی فریڈرک نے بتایا کہ آبدوز کی تلاش میں شامل ریسکیو ٹیموں کو مزید آوازیں سنائی دی ہیں اور سرچ آپریشن کا دائر وسیع کر دیا گیا ہے، تاہم تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ نئی آوازیں کس چیز کی ہیں، ٹیموں کی سرچ ایریا پر تلاش جاری ہے اور سرچ آپریشن کا دائرہ بھی بڑھا دیا گیا ہے، اس سرچ آپریشن میں رائل کینیڈین ایئر فورس کے طیارے، بحری جہاز اور ریموٹلی آپریٹڈ وہیکلز حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اب بھی ایک سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن ہی ہے، تلاش کے عمل میں مزید 10 جہاز اور متعدد ریموٹ آبدوزیں حصہ لے رہی ہیں جب کہ کیمروں سے لیس ریموٹ کنٹرول سے چلنے والے آلات مسلسل سمندر کی تہہ کی چھان بین کر رہے ہیں، زیر سمندر جس جگہ ٹائٹن آبدوز گئی ہے وہاں کا ماحول اور حالات زمین کی بیرونی خلا جیسے سخت اور مشکل ہیں، جن کی وجہ سے ریسکیو اہلکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں