ریاض ( پی این آئی ) سعودی سپریم کورٹ نے آج شام عوام سے ذی الحج کا چاند دیکھنے کی اپیل کر دی۔ سعودی فلکیاتی سوسائٹی کے مطابق اس سال عید الاضحیٰ 28 جون کو ہونے کا امکان ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ام القریٰ کیلنڈر کے حساب سے یکم ذوالقعدہ 21 مئی کو تھی۔
سعودی میڈیا کے مطابق مصر میں بھی عیدالاضحیٰ بدھ 28 جون کو ہونے کا امکان ہے۔ ادھر پاکستان میں رویت ہلال کمیٹی نے ذو الحجۃ 1444 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس طلب کرلیا۔ ترجمان رویت ہلال کمیٹی کے مطابق چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت 19 جون بروز پیر مرکزی اجلاس کراچی میں ہوگا۔ اسی طرح 19 جون کو اسلام آباد، لاہور، پشاور سمیت مختلف علاقوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوں گے۔
زونل کمیٹیاں چاند کی شہادت موصول ہونے کے حوالے سے رپورٹ مرکزی کمیٹی کو ارسال کریں گی جبکہ چاند نظر آنے کا اعلان چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کریں گے۔ جس کے بعد روایت کے مطابق وزارت مذہبی امور کی جانب سے نوٹی فکیشن بھی جاری کیا جائے گا۔ اجلاس میں محکمہ موسمیات کے ماہرین، سپارکو حکام کے علاوہ رویت ہلال کمیٹی کے اراکین شریک ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں