اسرائیل کیلئے جاسوسی کا الزام، بھارتی فوج کے 8اعلیٰ افسران کو اسلامی ملک میں سزائے موت ہونے کا امکان

دوحہ (پی این آئی)اسرائیل کیلئے جاسوسی کا الزام ، بھارتی فوج کے 8اعلیٰ افسران کو اسلامی ملک میں سزائے موت ہونے کا امکان۔ انڈین نیوی کے اعلیٰ ملٹری ایوارڈ یافتہ کمانڈر پرنیندا تیواری سمیت 8 ریٹائرڈ افسران قطر میں الظاہرہ گلوبل ٹیکنالوجیز اینڈ کنسلٹنسی سروسز میں ملازمت کر رہے تھے۔

بھارتی بحریہ کے ان آٹھوں سابق افسران کو گزشتہ برس اگست میں قطر کے اسٹیٹ سیکیورٹی بیورو نے حراست میں لیا تھا۔ گرفتار ہونے والے 8 نیوی اہلکاروں میں سے دو کمانڈرز تھے۔ مودی سرکار اپنے ان سابق افسران کی قطر میں گرفتاری سے لاعلم تھی۔ بے خبر بھارتی وزارت دفاع و خارجہ کو گرفتاری سے متعلق گرفتار شدگان میں سے ایک کی اہلیہ کی ٹوئٹ سے معلوم چلا۔ قطر کی خفیہ ایجنسی نے ان اہلکاروں کے ڈیجیٹل پیغامات کا سراغ لگایا تھا جس میں اہم قومی راز اسرائیل کو بتائے گئے تھے۔ قطر میں قید بھارتی بحریہ کے ان 8 سابق اہلکاروں پر اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ قطر کے تفتیشی ادارے کی تحقیقات کے مطابق ان اہلکاروں نے اٹلی سے جدید آبدوزیں خریدنے سے متعلق قطر کے خفیہ پروگرام کی تفصیلات اسرائیل کو فراہم کی تھیں۔ اس الزام میں قطر کے انٹرنیشنل ملٹری آپریشنز کے سربراہ سمیت نجی دفاعی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر بھی گرفتار ہیں اور بھارتی نیوی کے آٹھوں افسران بھی اسی کمپنی میں ملازم تھے۔ قطر میں ملکی سلامتی، جاسوسی اور قومی راز کو افشا کرنے کے خلاف سخت قوانین رائج ہیں جن کی سزا موت ہے۔ بھارتی بحریہ کے سابق اہلکاروں پر اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے مقدمے کی سماعت 3 مئی کو ہوگی جس میں ممکنہ طور پر ملزمان کو پھانسی کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close