ترک صدر طیب اردوان کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث ٹی وی انٹرویو اچانک روک دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی )ترک صدر رجب طیب اردوان کوپیٹ میں تکلیف کے باعث ٹی وی انٹرویو اچانک کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان دنوں ترکیے میں 14 مئی کے پارلیمانی وصدارتی انتخابات کی مہم جاری ہے، اسی دوران صدر رجب طیب اردوان نےمنگل کو 2 ٹی وی چینلز کو مشترکہ انٹرویو دیا۔جیو نیوز کے مطابق پہلے تو ترک صدر کا انٹرویو 90 منٹ تاخیر سے شروع ہوا

اور پھر انٹرویو شروع ہونے کے 10 منٹ بعد رجب طیب اردوان کے پیٹ میں تکلیف کے باعث اسے اچانک روک دیا گیا۔تاہم صدر اردوان 15منٹ کے وقفے کے بعد واپس آئے اور ناظرین سے معافی مانگی، ترک صدر نے وقفے کے بعد مزید چند سوالات کے جواب دیے۔ترک صدر نے کہا کہ کل اور آج کا دن انتہائی مصروف گزرا،اسی وجہ سے پیٹ میں تکلیف ہوئی، میں نے سوچا پروگرام منسوخ کر دیا تو یہ غلط سمجھا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق صدر اردوان انٹرویو میں تھکے ہوئے چہرے سے واپس آئے اور ان کی آنکھوں میں پانی تھا۔واضح رہے کہ صدر رجب اردوان اور ان کی جماعت گزشتہ 20 سال سے ترک سیاست پر غلبہ حاصل کیے ہوئے ہے، اس بار صدارتی انتخاب میں اپوزیشن لیڈر کمال قلیچ دار اوغلو ان کے مدمقابل ہیں۔سروےرپورٹس کے مطابق اس بار صدر اردوان کو سخت مقابلے کا سامنا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close