مکہ مکرمہ میں عمرہ زائر کا دل 2 بار بند ہونے کے باوجود جان بچ گئی

مکہ مکرمہ (پی این آئی)مکہ مکرمہ میں عمرہ پر آئے ہوئے مصری زائر کے دل نے دو مرتبہ 27 منٹ تک کام کرنا چھوڑ دیالیکن اللہ کے حکم سے طبی ٹیموں نے 32 سالہ مصری کی جان بچا لی۔32 سالہ مصری شہری کو سانس کی شدید تکلیف ہوئی اور وہ بے ہوش ہو گیا،مکہ مکرمہ ہیلتھ کاکس کے مطابق مریض کو ایمبولینس ٹیموں نے حرم ایمرجنسی سنٹر منتقل کیا تھا۔عرب ٹی وی کے مطابق حرم ایمرجنسی سنٹر منتقلی کے دوران اس کا دل بند ہو گیا

اور ایمرجنسی ٹیم نے 12 منٹ کے لئے سی پی آر کی جس سے اس کے دل نے کام شروع کر دیا۔مصری زائر کے حرم ایمرجنسی سینٹر پہنچنے کے بعد اس کے دل نے ایک بار پھر کام کرنا چھوڑ دیا جس پر دوبارہ پندرہ منٹ کے لئے سی پی آر کی گئی اور بجلی کے جھٹکے بھی دیے گئے، جس کے بعد دل نے دوبارہ کام کرنا شروع کر دیا۔سعودی پریس ایجنسی کا کہناتھاکہ علاج کرنے والی میڈیکل ٹیم نے وضاحت کی کہ ضروری طبی معائنے اور ایکسرے کیے گئے

جس میں مریض کے دل کے پٹھوں میں بے قاعدگی اور پھیپھڑوں میں شدید سوزش سامنے آئی۔ مصری زائر کو مصنوعی سانس دیا گیا اور آئی سی یو میں منتقل کر دیاگیا، میڈیکل ٹیم کے مطابق اب مریض کی حالت پہلے سے قدرے بہتر ہے اور مصنوعی سانس دینا بھی بند کر د یا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں