پیرس (پی این آئی) فیشن برانڈ ایل وی ایم ایچ کے چیئرمین اور سی ای او اور دنیا کے امیر ترین آدمی برنارڈ ارنالٹ کی دولت 200 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی، ان کی دولت میں اضافہ کمپنی کے حصص کے ریکارڈ بلندی پر پہنچنے کے باعث ہوا ہے۔ وہ ذاتی دولت کی اتنی بلندیوں تک پہنچنے والے تیسرے شخص بن گئے ہیں ۔ ان سے قبل یہ سنگ میل ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک اور ایمازون کے بانی جیف بیزوس نے عبور کیا تھا، تاہم ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں گرنے کے باعث دونوں کی دولت کم ہوگئی۔
بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق ارنالٹ کی کل مالیت منگل کو 2.4 بلین ڈالر بڑھ کر 201 ارب ڈالر ہوگئی۔ دنیا کے امیروں میں لگژری اشیاء کی بڑھتی ہوئی مانگ کی وجہ سے، اس سال برنارڈ ارنالٹ کی دولت میں 39 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جب کہ ایل وی ایم ایچ کے حصص 30 فیصد بڑھے ہیں۔واضح رہے کہ ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کی 44 ارب ڈالر میں خریداری اور الیکٹرک وہیکل بنانے والی کمپنی ٹیسلا کی مالیت میں گزشتہ ایک سال کے دوران 50 فیصد کمی نے ان کی دولت میں 25 ارب ڈالر کی کمی کی ہے۔ 128 بلین ڈالر کی دولت کے ساتھ، جیف بیزوس اب دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص ہیں تاہم اگست 2020 میں وہ 200 ارب ڈالر تک پہنچنے والے پہلے شخص تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں