بڑی یورپی ائیر لائن کا پاکستان میں فضائی آپریشن شروع کرنے کا اعلان

استبنول(پی این آئی)ترکیہ کی سن ایکسپریس ائیرلائنزنے پاکستان میں باقاعدہ فلائٹ آپریشن شروع کرنے کی اجازت مانگ لی ہے۔ ایتھوپین ایئرلائن کے بعد ترکیہ کی سن ایکسپریس ایئرلائنز نے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

ترجمان سول ایوی ایشن سیف اللہ نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ’ ترکیہ کی سن ایکسپریس ایئرلائنز نے پاکستان سے باقاعدہ آپریشن شروع کرنے کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو درخواست دی ہے۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سول ایوی ایشن نے یہ درخواست وزارت ہوا بازی کو ارسال کی ہے۔ وزارت سے منظوری کے بعد سن ایکسپریس پاکستان میں اپنے آپریشنز کا آغاز کرے گی‘۔ ترجمان کے مطابق ’ پاکستان سے ترکیہ سمیت دیگر ممالک کے لیے سفر کرنے والے اس نئی ایئرلائنز کے آپریشنز شروع ہونے کے بعد اس میں سفر کرسکیں گے۔‘ خیال رہے رواں مہینے کے شروع میں غیر ملکی ایتھوپین ایئرلائن نے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اعلامیے کے مطابق ایئرلائن پاکستان کے لیے فضائی آپریشن یکم مئی 2023 سے شروع کرے گی۔

پہلے مرحلے میں ایتھوپین ایئرلائن ادیس ابابا اور کراچی کے درمیان ہفتہ وار 4 پروازیں چلائے گی۔ واضح رہے کہ ایتھوپین ایئر لائنز افریقا میں سب سے بڑا نیٹ ورک آپریٹنگ کیریئر ہے۔ پی آئی اے کا بھی افریقن روٹس کے لیے ایتھوپین ایئرلائن سے کوڈ شیئرنگ معاہدہ طے پا چکا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close