کنبرا(پی این آئی) آسٹریلیا میں قنطاس ایئرلائن کی ایک پرواز تباہی سے بال بال بچ گئی۔ پرواز کیو ایف 144کا دوران پرواز ایک انجن ناکارہ ہو گیا، جس کے بعد پرواز کے گر کر تباہ ہونے کے اس قدر امکانات تھے کہ پائلٹ کی طرف سے ’مے ڈے‘ کی کال دے دی گئی۔ یہ جہاز کے تباہ ہونے کے ممکنہ خطرے کی انتہائی وارننگ ہوتی ہے۔انجن خراب ہونے کے بعد طیارہ ایک گھنٹے تک فضاءمیں رہا اور بالآخر سڈنی ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب ہو گیا۔
طیارے کے مسافروں نے بتایا کہ انہیں جہاز کے بائیں انجن میں ایک دھماکے کی آواز سنائی دی، جس کے بعد جہاز بری طرح کانپنے لگا اور ہچکولے لینے لگا۔اس کے بعد ایک گھنٹہ انتہائی خوف و ہراس میں گزرا۔مسافروں کا کہنا تھا کہ پائلٹ اور عملے نے صورتحال کی سنگینی چھپا کر رکھی۔ مسافروں کو حقیقت کا علم اس وقت ہوا جب وہ ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد طیارے سے اترے۔رپورٹ کے مطابق پائلٹ کی طرف سے مے ڈے کی کال ملنے پر ریسکیو ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹے کے لیے فوری طور پر ایئرپورٹ پہنچ گئیں۔پرواز کا انجن خراب ہونے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور اگلے ایک گھنٹے تک 2لاکھ لوگ فلائٹ ریڈار پر اس پرواز کو لائیو دیکھتے رہے۔یہ تمام لوگ جانتے تھے کہ طیارا کس قدر سنگین صورتحال سے دوچار ہے مگر طیارے میںسوار 145مسافر اس سے بے خبر تھے۔سائمن شیمیت نامی ایک مسافر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عملے کی طرف سے ہمیں کہا گیا کہ کچھ نہیں ہوا، پورا عملہ حیران کن طور پر اس طریقے سے کام کر رہا تھا جیسے واقعی کچھ نہیں ہوا۔ وہ لوگ واقعی بہت تربیت یافتہ اور پیشہ ور تھے۔ ان کے چہروں سے بھی ہمیں اندازہ نہیں ہوا کہ ہم کس مشکل سے دوچار ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں