لندن کے ائرپورٹ پر سامان سے یورینیم برآمد، سیکیورٹی ایجنسیاں سر جوڑ کر بیٹھ گئیں

لندن (آئی این پی)لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر کئی کلو یورینیئم برآمد ہونے کے بعد انسداد دہشتگردی تفتیش شروع ہوگئی۔مہلک جوہری مادہ 29 دسمبر 2022 کو اومان سے ایک پرواز میں ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچا تھا۔برطانوی اخبار کے مطابق یہ شپمنٹ برطانیہ میں موجود ایران سے الحاق شدہ ایک فرم کیلئے بھیجی گئی تھی۔ یورینیئم ویپنز گریڈ نہیں ہے لہذا اس سے جوہری بم تیار نہیں کیا جاسکتا۔

لیکن سیکیورٹی سروسز تحقیقات کر رہی ہیں کہ یہ غیر اعلانیہ پیکیج کسی نیوکلیئر ڈیوائس میں استعمال کیلئے تو نہیں بھیجا گیا۔ایسی ڈیوائس میں دھماکا خیز مواد کو جوہری مادے سے ملا کر مہلک تابکاری والا بم تیار کیا جاتا ہے جسے ڈرٹی بم کہتے ہیں۔پولیس نے تاحال کسی کو گرفتار نہیں کیا ہے، پیکیج میں کئی کلو یورینیئم ہے لیکن یہ ویپنز گریڈ نہیں ہے۔برطانوی سیکیورٹی ایجنسیز اس معاملے کو نہایت سنجیدگی سے دیکھ رہی ہیں، یہ اب انسداد دہشتگردی کا آپریشن بن چکا ہے۔ہیتھرو ایئرپورٹ پر خصوصی اسکینرز نے پیکیج کی نشاندہی کی جب اسے باقی سامان کے ساتھ اگلے مرحلے کیلئے بھیجا جا رہا تھا۔بارڈر فورس ایجنٹس نے پیکیج کو علیحدہ کمرے میں رکھا اور یورینیئم پا کر انسداد دہشتگردی پولیس کو طلب کیا۔لندن پولیس میں انسداد دہشتگردی ڈپارٹمنٹ کے کمانڈر رچرڈ اسمتھ نے کہا کہ میں عوام کو یقین دہانی کروانا چاہتا ہوں کہ ضبط کیا گیا مادہ کم مقدار میں ہے اور ماہرین نے جانچنے کے بعد بتایا ہے کہ اس سے عوام کو کوئی خطرہ نہیں۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close