موٹرسائیکل مالکان کو الیکٹرک بائیکس مفت دینے کا اعلان

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان میں توانائی کی بچت کے لیے الیکٹرک موٹرسائیکلوں کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مگر دنیا کا ایک ملک ایسا ہے جس نے پیٹرول پر چلنے والی تمام موٹرسائیکلوں کی جگہ الیکٹرک بائیکس مفت دینے کا اعلان کیا ہے۔

یہ ہے افریقی ملک یوگنڈا، جہاں کے صدر Yoweri Kaguta Museveni نے سال کے اختتام پر سالانہ خطاب کے دوران یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول پر چلنے والی موٹرسائیکلوں کی جگہ الیکٹرک موٹرسائیکلیں مفت فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے حکومت نے سرمایہ کاروں سے معاہدہ کیا ہے جس کے نتیجے میں اس وقت موٹرسائیکلوں کے مالکان کو ماحول دوست سواری مفت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ‘ہم نے کچھ سرمایہ کاروں سے اتفاق کیا ہے کہ پیٹرول پر چلنے والی سواریوں کو لے کر الیکٹرک موٹرسائیکلیں دی جائیں، اس تبدیلی سے لوگوں کو اخراجات کی مد میں 50 فیصد بچت ہوگی کیونکہ ای بائیکس کے لیے ایندھن کی ضرورت نہیں ہوگی’۔ سرمایہ کاروں کو اس سے کیا فائدہ ہوگا یہ انہوں نے واضح نہیں کیا، مگر کچھ رپورٹس کے مطابق ان سرمایہ کاروں کو بیٹری چارجنگ اسٹیشنز کے لائسنس دیے جائیں گے۔ اس پروگرام کا مقصد ایندھن کی بچت اور فضائی آلودگی کی شرح میں کمی لانا ہے۔ یوگنڈا میں اس وقت مقامی طور پر بننے والی الیکٹرک موٹرسائیکل کی قیمت 1350 ڈالرز ہے جس کو زیادہ تر موٹرسائیکل ٹیکسی کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close