بس، ٹرین اور سڑک پر جنسی ہراسانی قابلِ سزا جرم ہو گا

لندن (پی این آئی) برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں بس، ٹرین اور سڑک پر جنسی ہراسانی قابلِ سزا جرم ہو گا، جس پر دو برس تک کی سزا دی جاسکے گی۔ اس حوالے سے برطانوی وزیر داخلہ سویلا بریورمین کا کہنا ہے کہ انہوں نے نئے منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے، مجوزہ قانون کے تحت کسی کو دیکھ کر سیٹی بجانا، نامناسب اشارہ کرنا، پیچھا کرنا اور گھورنا جرم قرار دیا جائے گا۔ یہ بات اہم ہے کہ برطانیہ میں جنسی ہراسانی پہلے ہی جرم ہے اور اس نئے قانون سے لوگوں کو ہراسانی رپورٹ کرنے کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

برطانوی میڈیا میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ سروے کے مطابق برطانیہ میں دو تہائی خواتین خود کو رات یا دن کے کسی وقت محفوظ تصور نہیں کرتیں۔ رپورٹ کے مطابق 34 برس سے کم عمر کی خواتین جنسی ہراسانی کا زیادہ ہدف بنتی ہیں لیکن وہ سب سے کم رپورٹ کرتی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ لندن کی بسوں اور ٹرینوں میں جنسی ہراسانی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرانسپورٹ فار لندن کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال کے دوران ٹرینوں اور بسوں میں جنسی ہراسانی کے 1813 واقعات رپورٹ کیے گئے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close