عمران خان نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا، امریکی اخبارمیںمضمون شائع ہو گیا

واشنگٹن(آئی این پی) امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل میں مضمون شائع ہوا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق مضمون نگار نے لکھا کہ اب امریکا اور اتحادی ایٹمی ہتھیاروں سے لیس پاکستان میں عدم استحکام کیلئے تیار رہیں۔اخبار نے مزید لکھا کہ پاکستان میں آرمی چیف کو اقتدار کے پس پردہ اختیار حاصل ہے جسے اب ایک ایسے سیاست دان کے ہاتھوں خطرہ ہے جسے خود بھی فوج کی کٹھ پتلی قرار دیا جاتا تھا۔مضمون نگار نے لکھا کہ اگر فوج بکھرتی ہے تو اس کے بعد پاکستان بھی نہیں بچے گا، سینئر فوجی افسر کو عوامی سطح پر نشانہ بنانا انتقامی کارروائی اور سول ملٹری تعلقات کو بڑا نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔

اخبار کے مطابق عمران خان کا فوج کیلئے پیغام واضح ہے کہ میرے لیے نہیں کھیلو گے تو تمہیں ڈس کریڈٹ کرنے کیلئے ہر حد تک جاں گا، عمران خان کا طرز عمل صاف بتا رہا ہے کہ وہ بطور ادارہ فوج کو بدنامی کی حد تک لے جانا چاہتے ہیں۔وال سٹریٹ جرنل کے مضمون میں لکھا گیا ہے کہ عمران خان کی بلیک میلنگ کے آگے سر جھکانا فوج کیلئے ایک برا آپشن ہوگا۔ موجودہ صورت حال میں فوجی قیادت کے سامنے چند اچھے آپشن بھی ہیں تاہم عمران خان کی بلیک میلنگ کو تسلیم کرنا ادارے کو کمزور کرنے کے مترادف ہوگا۔اخبار نے لکھا کہ پاکستان میں فوج کے کردار پر تنقید بھی کی جاتی ہے لیکن ملک کیلئے اس کی شاندار خدمات زیادہ اہم ہیں یہ فوج ہی ہے جس نے بھارت سمیت دیگر پاکستان مخالفین کو مشکلات میں پھنسائے رکھا ہے اور فوج نے ایک غیر فعال ملک میں ایک فعال ادارے کے طور پر اپنے آپ کو منوایا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close