ریاض ( پی این آئی) سعودی عرب کے وزٹ ویزا کی تجدید کیلئے ہیلتھ انشورنس کوریج لازمی قرار دے دی گئی۔ سعودی گزٹ کے مطابق سعودی عرب کی ہیلتھ انشورنس کونسل نے کہا ہے کہ وزٹ ویزوں کی تجدید کے لیے نئے ہیلتھ انشورنس پریمیم کی ادائیگی ضروری ہے، اس لیے وزٹ ویزا میں توسیع کی درخواست کرتے وقت توسیع شدہ مدت کے لیے ایک نئی انشورنس کوریج جاری کی جانی چاہیے اور اسے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ (جوازات) کی ویب سائٹ سے منسلک کیا جانا چاہیے۔بتایا گیا ہے مکہ صحت کی بیمہ کی کوریج مملکت میں لائسنس یافتہ انشورنس کمپنیوں کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہے جیسے کہ توونیہ، بوپا، میڈگلف، گلف یونین،
عربین شیلڈ کوآپریٹو انشورنس، عربیہ کوآپریٹو انشورنس، الاتحاد کوآپریٹو، الصغر کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس، AXA کوآپریٹو، الائیڈ کوآپریٹو انشورنس گروپ (ACIG)، الراجی تکافل، والا اور سعودی عنایہ شامل ہیں۔سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے نے رپورٹ کیا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ریاض کے قصر یمامہ میں کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، جہاں کابینہ نے ہر قسم کے سنگل انٹری وزٹ ویزوں پر سعودیہ آنے والوں کو مملکت میں 3 ماہ تک قیام کی اجازت دے دی، سنگل انٹری فیملی وزٹ ویزا 30 دن اور ملٹی پل انٹری ویزا 90 دن کے لیے موثر ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی کابینہ کی طرف سے اجلاس کے دوران ٹرانزٹ ویزے کے لیے کسی بھی قسم کی فیس نہ لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا، ٹرانزٹ ویزوں کی میعاد 3 ماہ ہوگی اور اس ویزے پر کسی فیس کے بغیر 96 گھنٹے تک مملکت میں قیام کی اجازت ہو گی۔سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ (جوازات) نے کہا ہے کہ وزٹ ویزا کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ سے سات دن پہلے اس وقت تک بڑھایا جا سکتا ہے جب تک کہ اس کے ساتھ موجودہ میڈیکل انشورنس پالیسی موجود ہو، اگر وزیٹر کے پاس میڈیکل انشورنس ہے جو سروس کے مخصوص تقاضوں کی تعمیل کرتا ہے تو ان افراد کے لیے وزٹ ویزا ابشر پلیٹ فارم پر میزبان کے اکاؤنٹ کے ذریعے اس کی میعاد ختم ہونے سے 7 دن پہلے بڑھایا جا سکتا ہے۔
جوازات نے وضاحت کی کہ وزٹ ویزا کی میعاد ختم ہونے کے بعد تین دن گزر جانے کی صورت میں اس کی توسیع میں تاخیر پر جرمانہ وصول کیا جائے گا، اس نے اس بات پر بھی زور دیا کہ رہنما خطوط کے مطابق وزٹ ویزا کی مجموعی توسیع 180 دنوں سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے جب کہ وزٹ ویزا کو رہائشی ویزا میں تبدیل کرنا ممکن نہیں ہے۔ سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ نے یہ بھی کہا کہ اگر میزبان کا ریکارڈ ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر مشتمل ہے تو یہ ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے اس کے ریکارڈ پر موجود وزیٹر کے ویزے کی تجدید میں رکاوٹ نہیں بنتا، میزبان کی رہائشی شناخت کی میعاد ختم ہونے پر بھی وزیٹر کے وزٹ ویزا کی توسیع میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں