تہران (پی این آئی) ایران کے جنوبی شہر شیراز میں بدھ کی شام شاہ چراغ کے مزار پر دہشت گردانہ حملے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق بدھ کی شام شیراز میں شاہ چراغ کے مزار پر تین مسلح افراد نے حملہ کیا۔
مبینہ طور پر حملہ آوروں نے مزار کے اندر زائرین پر گولیاں چلائیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے حملے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ تیسرا فرار ہوگیا۔صوبہ فارس کے سیاسی، سیکیورٹی اور سماجی امور کے نائب گورنر اسماعیل محب پور نے کہا کہ مسلح دہشت گردوں نے نماز عصر کے وقت مزار پر فائرنگ شروع کی۔خیال رہے کہ شاہ چراغ شیراز شہر میں واقع ایک یادگار اور مسجد ہے، جہاں سید میر احمد اور ان کے بھائی سید میر محمد کی قبریں ہیں۔ یہ شیعوں کے ساتویں امام کے بیٹے اور آٹھویں شیعہ امام ، امام رضا کے بھائی تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں