وزیر داخلہ کے بعد برطانوی وزیراعظم بھی مستعفی

لندن (پی این آئی) برطانوی وزیراعظم لزٹرس نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا، لزٹرس محض 6 ہفتے کیلئے ہی وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہیں، لزٹرس نے بادشاہ چارلس سے ملاقات میں استعفے سے آگاہ کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیراعظم لزٹرس نے کم ترین مدت کیلئے وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز رہنے کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے۔

 

 

لزٹرس محض چھ ہفتے کیلئے ہی وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہیں، لزٹرس نے بادشاہ چارلس سے ملاقات میں استعفے سے آگاہ کردیا ہے۔ وزیراعظم لزٹرس نے کہا کہ معیشت کی بہتری کا عزم لے کر وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا تھا، موجودہ صورتحال میں مینڈیٹ کے مطابق ڈلیور نہیں کرپائی۔ مستعفی ہونے کے فیصلے سے کنگ چارلس کو آگاہ کردیا ہے، نئے وزیراعظم کے انتخاب تک ذمہ داریاں نبھاتی رہوں گی۔بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم لزٹرس نے کنزرویٹو پارٹی کی سربراہی چھوڑنے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے، ایک ہفتے میں پارٹی سربراہ مقرر کیا جائے گا جو برطانیہ کا وزیراعظم بنے گا۔ یاد رہے برطانوی وزیراعظم لزٹرس مختصر ترین مدت44 دن کیلئے وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہیں، اس سے قبل 1827میں جارج کننگ محض 119 دن تک وزیراعظم رہے تھے۔وزیراعظم لزٹرس پر اپنی ہی کابینہ کے وزراء کے استعفوں کے بعد استعفے کیلئے شدید دباؤ میں تھیں۔اس سے قبل غیرملکی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیراعظم لزٹرس کا ٹی وی انٹرویو میں کہنا تھا کہ میں غلطیوں کی ذمہ داری لیتی ہوں اور جو غلطیاں ہوگئیں ان پر معذرت کرتی ہوں۔برطانیہ میں حالیہ اصلاحات کے باعث معاشی بدحالی پر وزیراعظم نے کہا کہ ہم بہت تیزی سے بہت دور چلے گئے۔

 

 

انہوں نے کہا کہ میں اب بھی اس ملک کے لیے ڈیلیور کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہوں۔گزشتہ ماہ کے منی بجٹ کے بعد برطانیہ کی مارکیٹس میں افرا تفری دیکھنے میں آرہی تھی۔ رپورٹس کے مطابق منی بجٹ میں عائد ٹیکس کٹوتیوں کے باعث وزیراعظم لِز ٹرس کو شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا تھا۔اس سے قبل گزشتہ ہفتے برطانوی وزیراعظم لز ٹرس نے وزیر خزانہ کواسی کواٹرنگ کو فارغ کر کے ان کی جگہ جیریمی ہنٹ کو نیا وزیر خزانہ مقرر کیا تھا۔نئے وزیرِ خزانہ کے نئے اقدامات، جیریمی ہنٹ نے منی بجٹ میں ٹیکس کٹوتیوں کے تقریبا تمام منصوبے ختم کردئیے۔ ٹیکس کی شرح 20 فیصد برقرار رہے گی۔انرجی پرائز گارنٹی اسکیم کا دورانیہ بھی محدود کرنے کا اعلان کیا گیا ، اسکیم اب دو برس کی بجائے صرف آئندہ برس اپریل تک چلے گی۔ نئے وزیر خزانہ جیریمی ہنٹ نے ہنگامی اعلامیے میں کہا کہ برطانیہ آنے والے غیر ملکیوں کیلئے وی اے ٹی فری شاپنگ کا منصوبہ بھی ختم کر دیا گیا ہے اور الکوحل پر ڈیوٹی منجمند کرنے کا فیصلہ بھی ہوگیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے اقدامات سے حکومت کو 32 بلین پاؤنڈ ملیں گے۔

 

 

واضح رہے کہ معاشی تنازعات کے باعث وزیر اعظم لز ٹرس نے اپنے قریبی ساتھی کاسی کوارٹنگ کو وزارتِ خزانہ کے عہدے سے ہٹا کر جیرمی ہنٹ کو مقرر کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close