شواشنگٹن(پی این آئی) امریکی فوج نے افغانستان میں 2021ءمیں 12عام شہریوں کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق یہ اعتراف امریکی محکمہ دفاع ’پینٹاگون‘ کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2021ءمیں افغانستان میں کیے گئے فوجی آپریشنز میں کم از کم 12عام شہری جاں بحق اور 5زخمی ہوئے تھے۔
اس رپورٹ کے کئی حصے تاحال خفیہ رکھے گئے ہیں تاہم منظرعام پر لائے گئے حصے میں بتایا گیا ہے کہ یہ تمام ہلاکتیں افغانستان کے مختلف علاقوں میں ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق 8جنوری 2021ءکو ہرات میں ایک، 11اگست کو قندھار میں ایک اور 18جنوری کو قندھار ہی میں دو عام شہری امریکی فوج کے ہاتھوں قتل ہوئے۔ اس رپورٹ میں پینٹاگون کی طرف سے شام، صومالیہ اور دیگر ممالک میں امریکی فوج کے ہاتھوں قتل یا زخمی ہونے والے بے گناہ شہریوں کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل منظرعام پر لائی گئی ایسی ہی ایک رپورٹ میں پینٹاگون کی طرف سے افغانستان میں ایک ہی فیملی کے 10افراد کو قتل کیے جانے کا اعتراف بھی کیا جا چکا ہے۔ امریکی فوج کے ہاتھوں قتل ہونے والے ان 10افراد میں 7کم عمر بچے شامل تھے۔ یہ ہولناک واقعہ اگست 2021ءمیں امریکی فوج کے افغانستان سے ہنگامہ خیز انخلاءکے دوران پیش آیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں