روم (پی این آئی) اٹلی کے جزیرے سارڈینیا کی جانب سے وہاں آ کر بسنے والے افراد کو 15 ہزار یورو (35 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) فی کس دینے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ اٹلی کے مختلف خطوں میں اسی طرح لوگوں کو آ کر بسنے کی ترغیب دی جارہی ہے، سارڈینیا کو اٹلی نے علاقائی خود مختاری دی ہوئی ہے اور وہاں کے رہائشی اپنا صدر خود منتخب کرتے ہیں سارڈینیا کے صدر کا کہنا ہے کہ آبادی میں اضافے کے بغیر معاشی ترقی کا خواب ممکن نہیں اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی پالیسیوں پر کام کیا جا رہا ہے۔
اٹلی منتقل ہونے کے خواہشمند افراد کو سارڈینیا کے کسی ایسے قصبے میں قیام کرنا ہوگا جہاں کی آبادی 3 ہزار سے کم ہو گی۔اس منصوبے کا مقصد آبادی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانا ہے، اس مقصد کے لیے سارڈینیا کی حکومت نے کروڑوں یورو کی رقم مختص کی ہے جو ہزاروں افراد کو دینے کے لیے کافی ہے۔انہیں جو رقم دی جائے گی وہ گھر کی تزئین نو پر خرچ کی جائے گی اور انہیں اس قصبے میں وہاں کل وقتی قیام کرنا ہوگا، اسی طرح 18 ماہ کے اندر اس فرد کو سارڈینیا کو اپنے مستقل پتے کے طور پر رجسٹر کروانا ہوگا۔
بحیرہ روم کا دوسرا بڑا جزیرہ سارڈینیا خوبصورتی کے لیے جانا جاتا ہے، حکام کو توقع ہے کہ لوگ وہاں آسانی سے رہائش اختیار کرنے کے لیے تیار ہو جائیں گے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں