ریاض (آئی این پی )سعودی حکام نے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دوپاکستانیوں سمیت8 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعوی ٰکیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی سیکورٹی حکام نے 4 کروڑ 70 لاکھ سے زائد ایمفیٹامین(نشہ آور کیمیکل)گولیاں ضبط کرکے اس کی اسمگلنگ میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول کے ترجمان میجر محمد النجیدی کے مطابق ایمفیٹامین کی اتنی بڑی مقدار میں گولیاں آٹے سے بھرے ایک کنٹینر میں لائی گئی تھیں جسے ریاض کی ڈرائی پورٹ سے کلیئر کرائے جانے کے بعد ملزمان اپنے گودام میں لے آئے تھے۔
میجر محمد النجیدی نے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور استغاثہ کے حوالے کرنے سے پہلے ان کے خلاف ابتدائی قانونی اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ زکوۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی کے ساتھ مل کر، سیکیورٹی ایجنٹس نے گودام پر چھاپہ مار کر اسمگلنگ کی کوشش میں ملوث آٹھ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا، جن میں چھ شامی اور دو پاکستانی باشندے شامل ہیں۔جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول کے ترجمان نے بتایا کہ سعودی عرب میں اتنی بڑی تعداد میں منشیات اسمگل کرنے کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے ، اس کی مالیت کروڑوں ریال ہے۔میجر محمد المجیدی نے کہا کہ سیکیورٹی حکام اس طرح کی اسمگلنگ کی تمام کوششوں کو ناکام بنائیں گے اور منشیات کی اسمگلنگ میں حصہ لینے والے ہر شخص کو گرفتار کرکے انہیں عبرتناک سزا دی جائے گی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں