پاکستان-سیلاب-چین-امداد

چین کا پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے اضافی ہنگامی امداد کا اعلان

بیجنگ (آئی این پی)چین نے پاکستان کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنگامی انسانی امداد کی اضافی کھیپ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں پاکستان کو فوری طور پر درکار 25,000 خیمے اور دیگر امدادی سامان بھی شامل ہے اور انہیں جلد از جلد پہنچا یا جائے گا ، چین کی ریڈ کراس سوسائٹی پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کو 300,000 امریکی ڈالر کی ہنگامی نقد امداد فراہم کرے گی۔

اس بات کا اعلان چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کیا ۔ مون سون کی شدید بارشوں سے بلوچستان اور سندھ صوبوں میں 700 سے زائد افراد ہلاک اور 300,000 سے زائد بے گھر ہو نے پر انہوں نے کہا کہ چین آفات کی روک تھام اور تخفیف اور موسمیاتی تبدیلیوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دیتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ پاکستانی حکومت کی قیادت میں اور بین الاقوامی برادری کی مشترکہ مدد سے، آفت زدہ علاقوں میں لوگ مشکلات پر قابو پا لیں گے اور جلد از جلد معمول کے کام اور زندگی دوبارہ شروع کر دیں گے۔ ترجمان نے کہا چین نے پاکستان کے کئی حصوں میں حالیہ شدید سیلاب کو نوٹ کیا ہے، جس میں بھاری جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔

ہم متاثرین کے ساتھ گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں اور سوگوار خاندانوں، زخمیوں اور آفت زدہ علاقوں کے لوگوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ چین اور پاکستان سچے دوست اور اچھے بھائی ہیں۔ ہمارے پاس ایک دوسرے کی مدد کرنے اور بڑی قدرتی آفات سے مشترکہ طور پر نمٹنے کی عمدہ روایت ہے۔ 2008 میں سیچوان زلزلے کے بعد پاکستان نے تباہی سے متاثرہ علاقوں میں اپنے تمام خیموں کو ہوائی جہاز سے جلد از جلد پہنچانے کی پوری کوشش کی۔ چین اسے کبھی نہیں بھولے گا۔

ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای نے پاکستان میں سیلاب آنے کے بعد پاکستانی وزیر خارجہ بلاول سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ سی پیک کے سماجی اور معاشی تعاون کے فریم ورک کے تحت چین کی طرف سے فراہم کردہ 4,000 خیمے، 50,000 کمبل اور 50,000 ترپال سمیت تمام سامان کو تباہ کاریوں سے متاثرہ لوگوں کی مدد کیلئے بھیجا گیا ہے ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close