عدم اعتماد کامیاب، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن مستعفی

لندن(پی این آئی)برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ پارلیمانی پارٹی نئے لیڈر اور نئے وزیراعظم کا انتخاب چاہتی ہے، میں نے پارٹی اراکین پارلیمنٹ کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔بورس جانسن کا کہنا تھا کہ کنزرویٹیو پارٹی نے1987 کے بعد کسی بھی انتخاب میں میری قیادت میں سب سے زیادہ نشستیں جیتیں، میں کابینہ اراکین کو مطمئن کرنے میں ناکام رہا کہ وزیراعظم کی تبدیلی درست فیصلہ نہیں ہوگا۔

 

انہوں نے کہا کہ 1922 کمیٹی کے چیئر سرگراہم بریڈی کو اپنے استعفیٰ سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ انہیں اپنی حکومت کے دوران حاصل کی گئی کامیابیوں پر بہت فخر ہے، بریگزٹ کی تکمیل، کورونا وبا سے ملک کو نکالنا اور مغربی ممالک کو یوکرین میں روسی جارحیت کے خلاف اکٹھا کرنا میرے دور کی بڑی کامیابیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اعتراف کرتا ہوں کہ سیاست میں کوئی بھی شخص ناگزیر نہیں ہوتا، برطانوی عوام کو کہنا چاہتا ہوں دنیا کی بہترین جاب چھوڑنے پر انتہائی افسوس ہے، پارٹی جو بھی نیا لیڈر منتخب کرے گی اس کی مکمل سپورٹ کرونگا۔اس موقع پر بورس جانسن نے سپورٹ کرنے پر اپنی اہلیہ کیری سائمنڈز اور بچوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں