سیلاب کی تباہ کاریاں، ہلاکتیں ہی ہلاکتیں ہو گئیں، لاکھوں افراد متاثر

نئی دلی (پی این آئی) بھارتی ریاست آسام میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے، اب تک ریاست میں سیلاب کے باعث 17 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے جن میں دو بچے بھی شامل ہیں ۔ سیلاب کے باعث ایک شخص لاپتا ہے ۔ ریاست کے 28 اضلاع میں آنے والے سیلاب کے باعث مجموعی طور پر 19 لاکھ سے زیادہ لوگ اور دو ہزار 930 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔

ریاست آسام میں جمعہ کے روز ہونے والی بارشوں نے تباہی مچادی اور مزید نو افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی۔ جو 28 اضلاع سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں ان میں بجالی، بکسا، برپیتا، بسواناتھ، بونگی گاؤں، چرنگ، درنگ، دھیماجی، دھوبری، دبروگاہ، دیما ہساؤ، گول پاڑا، ہوجائی، کامرپ، کامرپ (ایم) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مغربی کربی انگلونگ، کوک راجھڑ، لکھیم پور، ماجولی، موری گاؤں، نا گاؤں، نال باری، سیوا ساگر، سونت پور، جنوبی سلمارا، تمول پور، تنسوکیا اور ادال گری بھی سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

ضلع نلبری میں سیلاب سے متاثر ہونے والے شخص پرمود برمن کا کہنا ہے کہ دیہاتوں میں صورت حال بہت خراب ہے، سیلاب کا پانی تیزی سے بڑھ رہا ہے، میرا گھر مکمل ڈوب چکا ہے جس کے باعث ہم رشتے داروں کے پاس منتقل ہوچکے ہیں۔بھارتی حکام نے 373 ریلیف کیمپ لگائے ہوئے ہیں جہاں ایک لاکھ سے زیادہ لوگوں کو رہائش فراہم کی جا رہی ہے، دریائے کوپیلی میں سیلاب کی آخری حد سے بھی کہیں زیادہ پانی بہہ رہا ہے، دریائے براہما پترا، بییکی، مانس، پگلاڈیا، پوتھیماری اور دریائے جیا بھرالی میں بھی پانی کا بہاؤ خطرے کی حد سے زیادہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close