دہلی (پی این آئی) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں گستاخانہ بیان دینے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کی ترجمان نوپور شرما گزشتہ 5 روز سے لاپتہ ہیں اور تاحال پولیس تمام تر کوششوں کے باوجود سراغ لگانے میں ناکام رہی ہے۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق ممبئی پولیس کی ایک ٹیم پانچ روز قبل نوپور شرما کو گرفتار کرنے دہلی پہنچی تھی۔
یہ ٹیم بی جے پی کی خاتون ترجمان کے خلاف گستاخانہ بیان پر درج مقدمے کے سلسلے میں ان سے تفتیش کے لیے آئی تھی تاہم اب تک نوپور شرما کو ڈھونڈنے میں ناکام رہی ہے۔ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی ترجمان لاپتہ ہیں اور ان سے رابطے کرنے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئی ہیں جب کہ ان کے اہل خانہ نے بھی گمشدگی کی رپورٹ درج نہیں کرائی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 28 مئی کو ممبئی میں درج ہونے والے مقدمے میں پولیس کے پاس نوپور شرما کو گرفتار کرنے کے لیے کافی شواہد موجود ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ وہ گرفتاری کی ڈر سے چھپ گئی ہیں۔اس سے قبل ممبئی پولیس نے اس مقدمے پر نوپور شرما کو ایک ای میل کے ذریعے سمن بھیجا تھا تاہم وہ پولیس کے سامنے پیش نہیں ہوئیں جس پر اب پولیس کی ایک ٹیم بھیجی گئی ہے۔یاد رہے کہ بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل پر پیغمبرِ اسلام حضرت محمدﷺ کی شان اقدس میں گستاخانہ گفتگو کی تھی جس عالم اسلام میں شدید احتجاج کیا گیا تھا اور 5 جون کو بی جے پی نے انھیں معطل کر دیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں