مالمو(پی این آئی) سویڈن کے شہر مالمو میں عمران خان کے حق میں مظاہرہ کیا گیا، جس میں غیر ملکیوں نے بھی شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق ایک جانب کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کا بڑا پاور شو ہوا، جس میں بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، پاکستان بھر میں اس کو لائیو اسکرینیں لگا کر دیکھا گیا، دوسری جانب دیگر ممالک میں بھی مظاہرے جاری ہیں۔
اس سلسلے میں سویڈن کے شہر استورتوریت مالمو کی تاریخ میں پہلی بار پاکستانی کمیونٹی کا بڑا احتجاجی جلسہ منعقد ہوا، جس میں سینکڑوں اورسیز پاکستانیوں نے شرکت کی، جن میں بچے، عورتیں، بوڑھے اور جوان شامل تھے۔شرکا نے امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگائے اور کہا ہم سب عمران خان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، مظاہرین نے پاکستان میں فوری الیکشن کا بھی مطالبہ کیا۔اس احتجاج کی منفرد بات یہ تھی کہ اس میں دوسرے ملکوں کے لوگوں نے بھی حصہ لیا، جن میں افریقا اور عرب ملکوں کے لوگ شامل تھے، انھوں نے اسٹیج پر آ کر بتایا کہ وہ عمران خان کو پچھلے چند سالوں سے فالو کر رہے ہیں، اور وہ دعا کرتے ہیں کہ اللہ ان کو بھی عمران خان جیسا ایمان دار لیڈر عطا فرمائے۔
مقامی انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین کو ڈھائی گھنٹے احتجاج کی اجازت دی گئی تھی، پاکستانی کمیونٹی نے مختلف بینرز بھی تیار کر لیے تھے، جن پر بیرونی حکومت نامنظور، امپورٹڈ حکومت ایبسلوٹلی ناٹ کے نعرے درج تھے۔خیال رہے کہ پاکستان کے کئی شہروں میں پی ٹی آئی کے احتجاجی جلسے جاری ہیں، اسی طرح دوسرے ممالک میں بھی مظاہرے ہو رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں