سری لنکا کی حکومت نے ملک دیوالیہ ہونے کا اعلان کر دیا

کولمبو (پی این آئی )سری لنکا کی حکومت نے ملک دیوالیہ ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سری لنکا نے اپنے تمام بیرونی قرضوں سے نادہندہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔واضح رہے کہ سری لنکن حکومت نے ملک میں جاری احتجاج کا دائرہ وسیع ہونے کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔ معاشی بحران سے دوچار سری لنکا میں گزشتہ دنوں عوام نے صدر کے گھر کے باہر احتجاج کیا جو پرتشدد صورت اختیار کر گیا۔ملک میں پرتشدد احتجاج کے باعث ایمرجنسی کے بعد فوج کو تعینات کردیا گیا تھا اور اسے بغیر کسی وارنٹ گرفتاری کے اختیارات بھی سونپ دیئے گئے تھے۔ سری لنکا شدید معاشی بحران سے دوچار تھا، حکومت کے پاس تیل کی درآمد کے لیے غیر ملکی کرنسی کا بحران تھا جبکہ تیل کے بحران کے باعث ملک کو بجلی کی بھی شدید قلت کا بھی سامنا رہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close