روس کی انتہائی خوفناک بمباری، پولینڈ کے قریب سرحد پر درجنوں یوکرینی ہلاک

کیف(پی این آئی)روسی فوج کی جانب سے یوکرین میں پولینڈ کی سرحد کے قریب فضائی حملوں کے نتیجے میں 35افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز نیٹو کے رکن پولینڈ کی سرحد سے تقریباً 20 میل کے فاصلے پر یوکرین کے شہرلویو کے فوجی اڈے پر روسی کی جانب سے فضائی حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں کم از کم 35 افراد ہلاک اور 134 زخمی ہوگئے۔

یوکرینی وزیردفاع اولیکسی رزنیکوف کے مطابق لیویو کے ملٹری بیس پر روس کی جانب سے 30 میزائل داغے گئے۔رپورٹس کے مطابق یوکرین کا کہنا ہے کہ روس نے امن و سلامتی کے بین الاقوامی مرکز پر حملہ کیا جہاں غیر ملکی فوجی انسٹرکٹر اس سے قبل کام کر چکے ہیں تاہم نیٹو کے ایک اہلکار نے بتایا کہ وہاں اتحاد کا کوئی اہلکار موجود نہیں تھا۔اطلاعات کے مطابق حکام کی جانب سے نیٹو سے یوکرین پر نو فلائی زون بنانے اور فوجی طیارے فراہم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔دوسری جانب روس نے پولینڈ کی سرحد کے اتنے قریب مبینہ میزائل حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، اتوار کو روس کی وزارت دفاع کے ترجمان کی ایک مختصر ویڈیو بریفنگ میں اس حملے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔اس کے علاوہ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اگر روس کا یوکرین پر حملہ مغربی دفاعی اتحاد کے رکن ممالک پر ہوا تو نیٹو اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گا۔

واضح رہے کہ یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی نے گزشتہ روز روس کے خلاف جنگ میں پہلی بار بھاری جانی نقصان کا اعتراف کیا تھا۔24 فروری کو روس نے یوکرین پر حملہ کیا تھا جس کے بعد سے دارالحکومت کیف سمیت کئی علاقوں میں جنگ جاری ہے۔ صدر ولودومیر زیلینسکی کے دارالحکومت کیف میں غیرملکی میڈیا سے گفتگو کی اور تصدیق کی کہ روس کے خلاف جنگ میں 1300 یوکرینی فوجی مارے گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close