واشنگٹن(پی این آئی) امریکی کانگریس میں پاکستان کو دہشت گردی کی مالی معاونت کرنے والی ریاست قرار دینے کے لیے ایک بل پیش کر دیاگیا۔یہ بل پنسلوانیا سے ری پبلکن رکن کانگریس سکاٹ پیری کی طرف سے پیش کیا گیا ہے۔ بل میں پاکستان پر پابندیاں عائد کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ بل ہاؤس کمیٹی برائے امور خارجہ کو ریفر کر دیا گیا ہے۔
بل میں پاکستان پر جن پابندیوں کی تجویز دی گئی ہے ان میں بیرونی امداد، دفاعی مصنوعات کی برآمد اور فروخت، دوہرے استعمال کی حامل مخصوص اشیاءکی برآمد اور دیگر مالی پابندیاں شامل ہیں۔ اس وقت صرف چار ممالک ایسے ہیں جنہیں دہشت گردی کی مالی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ ان میں کیوبا، شمالی کوریا، ایران اور شام شامل ہیں۔ اس بل کے علاوہ سکاٹ پیری نے دیگر دو اراکین گریگوری سٹیوبے اور میری ای ملر کے ساتھ مل کر امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ کو ایک خط بھی لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کے سفیر مسعود خان کے کشمیری اور پاکستانی گروپوں کے ساتھ مبینہ روابط کی تحقیقات کی جائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایک اور امریکی رکن کانگریس نے مسعود خان کی بطور سفیر تعیناتی کو روکنے کی کوشش کی تھی تاہم بائیڈن انتظامیہ نے اس کے احتجاج کو مسترد کرتے ہوئے مسعود خان کی تعیناتی کی توثیق کر دی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں