یوکرین کا مطالبہ مسترد، نیٹو نے یوکرین جنگ یورپ میں پھیلنے کا خدشہ ظاہر کر دیا، روسی صدر سے مطالبہ کر دیا

 

برلن(پی این آئی)30 ممالک پر مشتمل سیاسی و عسکری اتحاد نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) نے یوکرین میں ’نوفلائی زون‘ قائم کرنے کا یوکرین کا مطالبہ مسترد کردیا۔پریس کانفرنس میں نیٹو کے جنرل سیکرٹری اسٹالٹن برگ کا کہنا تھاکہ یوکرین میں نو فلائی زون کے قیام سے جنگ دیگر یورپی ملکوں تک پھیل سکتی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ اتحادیوں نے اتفاق کیا ہے کہ یوکرین کی فضائی حدود میں نیٹو کا کوئی طیارہ موجود نہیں ہونا چاہیے اورنہ ہی نیٹو افواج یوکرین میں ہونی چاہیں۔

اسٹالٹن برگ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یوکرین میں آنے والے دن بدتر ہونے کا امکان ہے۔نیٹو جنرل سیکرٹری نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سےغیر مشروط طور پر جنگ روکنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ روس سفارت کاری میں شامل ہو۔ان کا مزید کہنا تھاکہ اس بات کو یقینی بنانا نیٹو کی ذمہ داری ہے کہ تنازعہ یوکرین سے آگے نہ پھیلے۔خیال رہے کہ روس کے حملے کے بعد سے یوکرینی صدر کی جانب سے یوکرین کو نو فلائی زون قرار دینے کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔

 

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں