افغان شہری خاندان کا پیٹ پالنے کیلئے گردے بیچنے پر مجبور ہو گئے

ہرات (پی این آئی)طالبان کے افغانستان پر قبضے کے بعد افغانستان مالی بحران میں ڈوب گیا’غیر ملکی امداد کی بندش کے باعث افغانستان کے حالات بدسے بدتر ہو گئے’۔ کئی دہائیوں سے جنگ کے شکار افغانستان میں اب ایک سنگین انسانی بحران پیدا ہو چکا ہے۔وہ غیر ملکی امداد جو اس ملک کو اقتصادی سہارا دیتی تھی، اب بند ہو چکی ہے۔ طالبان کی حکومت پر مغربی ممالک بھروسہ نہیں کر پا رہے۔

افغانستان کے بیرون ملک اثاثے منجمد ہیں اور انسانی بنیادوں پر دی جانے والی امداد بھی بہت محدود ہے۔ انہی بدتر حالات کے پیش نظر مغربی افغان صوبہ ہرات کے شہری اپنے گردے بیچنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔مریض کو ایک گردے کے عوض پندرہ سو سے لے کر ڈھائی ہزار امریکی ڈالر تک کی رقم ملتی ہے۔ہرات کے مضافات میں سہ شنبہ بازار کئی برسوں کی بدامنی اور خونریزی کے باعث بے گھر ہونے والے سینکڑوں افراد کا ایک گاؤں ہے۔

یہ رویہ مغربی افغان شہر ہرات میں اس قدر پھیل چکا ہے کہ شہر کی ایک نواحی بستی کو ”گردوں والا گاؤں”’ کا نام دے دیا گیا ہے۔شمالی شہر مزارِ شریف کے ایک ہسپتال کے سابق سرجن پروفیسر محمد وکیل متین کا کہنا ہیکہ افغانستان میں ایسا کوئی قانون نہیں ہے جس کے ذریعے یہ کنٹرول کیا جائے کہ جسمانی اعضاء کو کیسے عطیہ یا فروخت کیا جا سکتا ہے، لیکن گردہ فروخت کرنے والے کی رضامندی ضروری ہوتی ہے۔محمد بصیر عثمانی ان دو ہسپتالوں میں سے ایک میں سرجن ہیں،

جہاں ہرات کے گردوں کی پیوند کاری کے زیادہ تر آپریشن کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے تصدیق کی کہ رضامندی حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم گردے فروخت کرنے والوں سے تحریری رضامندی اور ایک ویڈیو ریکارڈنگ بھی لیتے ہیں۔ عثمانی کہتے ہیں کہ یہ ان کا کام نہیں کہ تحقیق کریں کہ مریض یا گردے فروخت کرنے والے افراد کہاں سے آتے ہیں اور کیوں آتے ہیں۔ گزشتہ پانچ سالوں میں یہاں گردوں کی پیوند کاری کے ہزاروں آپریشن کیے جا چکے ہیں۔

گردوں کی اس تجارت کے حوالے سے طالبان نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو کوئی جواب نہ دیا تاہم عثمانی کہتے ہیں کہ طالبان کے پاس گردوں کی تجارت کو روکنے کا منصوبہ ہے اور وہ اس کو منظم کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں۔پیسوں کے لیے بے تاب افغان شہری اس عمل میں ملوث سہولت کاروں سے رابطہ کرتے ہیں۔ یہ سہولت کار ان افغان شہریوں کو امیر مریضوں سے ملواتے ہیں جو دور دراز علاقوں بعض اوقات بھارت یا پاکستان سے بھی

گردوں کے ٹرانسپلانٹ آپریشن کروانے کے لیے ہرات آتے ہیں۔ یہ مریض ہسپتال کا خرچ ادا کرنے اور گردے فروخت کرنے والے کو معاوضہ دینے کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔ اس گاؤں کو اب گردوں والا گاؤں کے نام سے جانا جاتا ہے، جہاں کے درجنوں رہائشیوں نے اپنے جسمانی اعضاء بیچ کر اپنے اپنے خاندانوں کی مالی مدد کی۔یہاں ایک ایسا خاندان بھی ہے جس کے پانچ بھائیوں نے پچھلے چار سالوں میں اپنا ایک ایک گردہ بیچ دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں