یوکرینی خاتون کی روسی فوجی کو للکار کی ویڈیو وائرل ہو گئی

اسلام آباد (پی این آئی )یوکرین پر حملے کے بعد روسی فوجی دارالحکومت کیف سمیت مختلف علاقوں پر چڑھائی کررہے ہیں اور اب تک متعدد ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق جہاں یوکرین کی فضاؤں میں دھماکوں کی گونج سنی جارہی ہے وہیں یوکرین کی ایک بہادر خاتون کے الفاظ نے عالمی میڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔ڈیلی میل پر جاری ویڈیو میں یوکرین کی خاتون کو شہر میں موجود روسی فوجی پر غم و غصے کا اظہار کرتے دیکھا گیا۔

خاتون ہتھیاروں سے لیس فوجی کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہوئیں اور اس سے سوال کیاکہ وہ اس کے ملک میں کیا کررہے ہیں؟ خاتون کے غصے کو دیکھ کر روسی فوجی نے انہیں تحمل کا مشورہ دیا۔خاتون نے پہلے اپنا غصہ روسی فوجی اہلکار پر نکالا اور پھر جاتے جاتے پلٹ کر کہا کہ ‘آپ سورج مکھی کے بیج اپنی جیب میں رکھیں تاکہ یہ بیج آپ کے مرنے کے بعد یوکرین کی زمین پر اگیں۔دوسری جانب روسی حملے کے بعد امریکا نے یوکرین سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی حکام نے خدشہ ظاہر کیا کہ روس اتوار تک یوکرینی دارالحکومت پر مکمل قبضہ کرکے حکومت ختم کر دے گا۔ مختلف شہروں پر بمباری کے بعد روس کے ہزاروں فوجیوں نے کیف کا زمینی محاصرہ کرلیا ہے اور یوکرین چرنوبل ایٹمی پاور پلانٹ پر بھی قبضہ کیا ہے۔ دوسری جانب یوکرین نے روسی حملوں میں 137شہری ہلاک اور 150 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔مزید برآں یوکرین نے روس کے 5 ہیلی کاپٹرتباہ کرنے،

50 فوجی ہلاک اور 80گرفتارکرنے کادعوی کیا ہے، اطلاعات ہیں کہ روس کافوجی کارگو طیارہ گرکرتباہ ہوگیا جب کہ طیارے میں موجود عملہ بھی ہلاک ہوگیا ہے ۔یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری نے انہیں روس سے لڑنے کے لیے تنہا چھوڑدیا ہے۔علاوہ ازیں روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کی وجہ سے یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے سیفٹی بلیٹن جاری کر دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا)کے جاری کردہ

سیفٹی بلیٹن میں کہاگیاکہ روس اور یوکرین سمیت اطراف میں سویلین پروازوں پر 90 روز کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے، یورپی یونین ممالک سمیت تھرڈ کنٹری کی ائیر لائنز پروازو ں پر بھی پابندی ہوگی۔سیفٹی بلیٹن میں کہا گیا کہ متعلقہ ائیر اسپیس میں جاری جنگ میں راکٹ اور میزائل سے طیاروں کو خطرہ ہے لہذا پابندی کا اطلاق 24 فروری سے 24 مئی کے لیے ہوگا۔ خیال رہے کہ روس کی یوکرین پر دوسرے روز بھی بمباری جاری ہے جب کہ پہلے روز ہونے والی لڑائی میں 137 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں