کیف/واشنگٹن/برسلز (آئی این پی)روس نے یوکرین کو تین سمت سے گھیر تے ہوئے ایئر فیلڈز سمیت 70 سے زائد فوجی اہداف تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ یوکرینی فوج کا بھی دعویٰ ہے کہ اب تک 50 روسی فوجیوں کو ہلاک اور 90 کر گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ کم از کم چھ روسی طیارے تباہ کر دیئے گئے ہیں ،بائیڈن انتظامیہ مزید امریکی فوجیوں کو روسی سرحد سے مزید قریب تعینات کرنے پر غور کر رہی ہے،
نیٹو نے ایک سو سے زیادہ جنگی طیاروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے اور اس حوالے سے نیٹو کا کہنا ہے کہ یوکرین میں مغربی اتحاد کا کوئی فوجی موجود نہیں اور نہ ہی وہاں فوجی بھیجنے کا کوئی ارادہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق روس نے یوکرین کو تین سمت سے گھیر لیااور اس حوالے سے مغربی میڈیا کے مطابق روس نے یوکرین میں 11 ایئر فیلڈز سمیت 70 سے زائد فوجی اہداف تباہ کر دیئے۔یوکرین کے صدر ولادیمر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ان کی افواج نہ صرف مشرقی یوکرین میں ڈونباس میں بلکہ دیگر علاقوں بھی روسی فوج کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہیں۔یوکرینی فوج نے اب تک 50 روسی فوجیوں کو ہلاک اور 90 کر گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ کم از کم چھ روسی طیارے تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔دونوں ملک ایک دوسرے کے اعداد و شمار کو مسترد کررہے ہیں۔ یوکرین کا کہنا ہے کہ روس نے اب تک 203 حملے کیے ہیں۔
مغربی ممالک نے پیوٹن کی جنگ کو یورپ کا سیاہ دن قرار دیا ہے۔ جی سیون رہنماؤں کے ورچوئل اجلاس میں صدر بائیڈن اور دیگر مغربی رہنما روس کے خلاف بڑے پیمانے پر اقتصادی اور مالیاتی پابندیاں لگانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ بائیڈن انتظامیہ مزید امریکی فوجیوں کو روسی سرحد سے مزید قریب تعینات کرنے پر غور کر رہی ہے۔ نیٹو کا کہنا ہے کہ یوکرین میں مغربی اتحاد کا کوئی فوجی موجود نہیں اور نہ ہی وہاں فوجی بھیجنے کا کوئی ارادہ ہے۔ تاہم نیٹو نے ایک سو سے زیادہ جنگی طیاروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔یورپی یونین نے روسی سفیر کو طلب کرکے یوکرین حملے کی شدید مذمت کی جبکہ یوکرینی وزیرخارجہ نے اتحادیوں سے روس کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یورپی یونین نے بیلاروس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرین پر روسی حملے میں حصہ نہ لے۔
ادھر کریملن کا کہنا ہے کہ یوکرین میں مشن کی مدت نتائج پر منحصر ہوگی۔ یوکرین کے شہریوں نے پناہ گاہوں کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے۔ انڈر گراونڈ ٹرین اسٹیشز میں پناہ لینے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ اقوام متحدہ نے پناہ گزینوں کے بہاو کے پیشِ نظر یوکرین اور اس کے پڑوسی ملکوں میں اپنے آپریشن کی رفتار تیز کر دی ہے۔یوکرین کے شہر لو۔ویو میں دوسری عالمی جنگ کے بعد سے پہلی مرتبہ جنگی سائرن بجائے گئے۔ اقوام متحدہ کے سربراہ انٹونیو گوٹریس نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے بعد صدر پیوٹن سے انسانیت کی خاطر حملہ روکنے کی اپیل کی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں