قاہرہ(پی این آئی) مصر میں دریائے نیل کے پانی کی رنگت میں اچانک تبدیلی دیکھی گئی۔ اس بات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ مصریوں نے دریائے نیل کے پانی میں گدلا پن ظاہر ہوتے دیکھا جس سے ان کے دلوں میں پانی کے آلودہ ہونے کا اندیشہ پیدا ہو گیا۔ دریائے نیل کو ملک میں پینے کے پانی کا مرکزی ذریعہ شمار کیا جاتا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق مصر میں آبی وسائل کے وزیر محمد عبدالعاطی کے مطابق گدلے پن کا تعلق سیلابی پانی کی نکاسی کے نیٹ ورک سے ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پانی کا گدلا پن دو یا اس سے زیادہ دنوں میں ختم ہو جائے گا۔ مصری وزیر کے مطابق اس گدلے پن کا پینے کے پانی کے معیار اور زرعی اراضی پر کوئی منفی اثر نہیں ہو گا۔مصر کے کئی صوبوں میں ہفتے اور اتوار کے روز موسلادھار بارشیں ہوئیں اور سیلابی ریلوں کی صورت حال دیکھی گئی۔ اس کے نتیجے میں کئی مرکزی شاہراہیں اور بندر گاہیں بند ہو گئیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں