کن غیر ملکیوں پر ادائیگی حج پر پابندی لگا دی گئی؟ سعودی حکومت کا بڑا فیصلہ آگیا

اسلام آباد(پی این آئی)وزٹ اور ورکنگ ویزے پر سعودی عرب آنے والے غیر ملکیوں کے حج ادائیگی پر پابندی عائد، رواں سال صرف حج کا مخصوصی ویزہ اور مستقل اقامہ رکھنے والے غیر ملکیوں کو ہی حج ادائیگی کی اجازت دینے کا اعلان۔

تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے رواں سال حج انتظامات کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیاہے۔ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج اور عمرہ کی جانب سے غیر سعودیوں کی صرف دو اقسام کو رواں سال حج کے مناسک ادا کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جمعرات کے روز وزارت حج کی جانب سے جاری ایک پریس بیان میں کہا گیا کہ حج کے مناسک صرف وہ غیر سعودی ادا کرسکتے ہیں جو حج کے مخصوص ویزے پر آئے ہوں یا مملکت کے اندر مستقل اقامہ رکھتے ہوں۔

ایسے غیرملکی جو وزٹ ویزے یا ورکنگ ویزے پر سودی عرب آئے ہوں ، انہیں رواں سال حج ادائیگی کی اجازت نہیں ہو گی۔ یہاں واضح رہے کہ کرونا وائرس وبا کے باعث گزشتہ دو سالوں کے دوران سعودی حکومت کی جانب سے معمول کے مطابق حج ادائیگی کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ 2020 میں سعودی حکومت کی جانب سے کرونا وبا کے عروج کے باعث صرف 10 ہزار افراد کو حج ادائیگی کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔جبکہ گزشتہ برس حجاج کی تعداد بڑھا کر 60 ہزار کر دی گئی تھی۔ گزشتہ دونوں برسوں میں حج کے ایام میں بیرون ممالک سے حجاج کی آمد کی اجازت نہیں دی گئی تھی، سعودی حکومت نے صرف مملکت میں مقیم حج کے خواہش مندوں کا انتخاب کیا تھا۔

جبکہ یاد رہے کہ کچھ ماہ قبل سعودی حکومت نے عمرہ ادائیگی کے حوالے سے عائد بیشتر پابندیوں میں نرمی کر دی تھی، جس کے بعد عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے عازمین کی تعداد میں واضح اضافہ دیکھا گیا تھا۔ اب سعودی حکومت کی جانب سے مملکت کی بیشتر آبادی کو کرونا ویکسین لگا دیے جانے کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رواں سال حجاج کی تعداد کے حوالے سے بھی سعودی حکومت عائد پابندیوں میں نرمی کر سکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close