ابوظہبی ایک بار پھر خوفناک دھماکوں سے گونج اٹھا، شہریوں میں شدید خوف و ہراس

ابوظہبی(پی این آئی) ابوظہبی ایک بار پھر خوفناک دھماکوں سے گونج اٹھا اور شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق شہر میں دو خوفناک دھماکے سنے گئے ہیں اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز میں شہر کے ایک ٹاور بلاک سے آگ کی لپٹیں اٹھتی دیکھی جا سکتی ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان میں سے ایک دھماکہ ایک بیلسٹک میزائل عمارت سے ٹکرانے سے ہوا جبکہ دوسرا بم دھماکہ تھا۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سٹی سنٹر میں واقع ایک بلند و بالا عمارت کی بالائی منازل میں سے آگ لگی ہوتی ہے اور ہر طرف افراتفری کا عالم ہوتا ہے۔ ایمریٹس نیوز ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ حمدان سٹریٹ میں واقع اس عمارت میں سلنڈر پھٹنے سے دھماکہ ہوا اور آگ لگی ہے۔ تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر ایک میزائل شہر پر داغا گیا ہے جس سے یہ دھماکہ ہوا۔ واضح رہے کہ یمن میں برسرپیکار حوثی باغیوں نے چند روز قبل ابوظہبی کے ایک آئل ڈپو کو میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔ان میزائل حملوں میں 3لوگ جاں بحق اور 6سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ حوثی باغیوں کی طرف سے متحدہ عرب امارات پر مزید حملوں کی دھمکی بھی دی گئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں