سری لنکن بحریہ کے ساتھ تصادم، 21بھارتی مچھیرے گرفتار، چھوٹے جنگی جہاز فاسٹ اٹیک کرافٹ کو بھی نقصان پہنچا

کولمبو (آئی این پی)سری لنکا کی بحریہ نے اپنی سمندری حدود میں داخل ہونے والے انڈین ماہی گیروں کے ساتھ تصادم کے بعد 21 کو گرفتار کر لیا ،تصادم کے نتیجے میں سری لنکاکے چھوٹے جنگی جہاز فاسٹ اٹیک کرافٹ کو بھی نقصان پہنچا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق منگل کو ترجمان سری لنکا کی بحریہ نے کہا کہ اس کی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر مچھلیاں پکڑنے کی غرض سے انڈیا کے دو ٹرالر موجود تھے جن کے ساتھ تصادم کے بعد 21 ماہی گیروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کی رات کو تصادم کے نتیجے میں اس کے ایک چھوٹے جنگی جہاز فاسٹ اٹیک کرافٹ کو بھی نقصان پہنچا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں فراہم کی گئیں۔بیان کے مطابق جب بھارتی فشنگ ٹرالر اپنی جارحانہ تدابیر کے ذریعے نیول یونٹس سے بچ کر نکلنے کی کوشش کر رہے تھے تو انہوں نے ایس این ایل فاسٹ اٹیک بحری جہاز کو بھی نقصان پہنچایا۔بیان میں کسی انسانی نقصان کا ذکر نہیں کیا گیا تاہم یہ کہا ہے کہ سمندر کی گہرائیوں میں شکار کے لیے استعمال ہونے والا سامان اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ اس طریقے سے سمندری حیات کا شکار کرنے پر سری لنکا میں پابندی عائد ہے۔

اکثر اوقات بھارتی مچھیرے آبنائے پالک کے ذریعے سری لنکا کی سمندری حدود میں داخل ہوجاتے ہیں۔ خیال رہے کہ بحر ہند میں آبنائے پالک سری لنکا کو بھارت سے علیحدہ کرتی ہے۔گذشتہ ہفتے سری لنکا کی عدالت نے غیر قانونی طور پر شکار کرنے والے 56 بھارتی مچھیروں کی رہائی کا حکم دیا تھا تاہم ان کی کشتیاں ضبط کر لی گئی تھیں۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close