اومی کرون کا حملہ، ہسپتالوں میں جگہ ختم ہو گئی، کئی ائیرلائنزنے پروازیں منسوخ کر دیں

واشنگٹن (پی این آئی) امریکہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون تیزی سے پھیلنا شروع ہوگئی جس کے باعث ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے جگہ ختم ہوگئی ہے ۔ کئی ایئر لائنز نے کرسمس سے قبل اپنی پروازیں منسوخ کردی ہیں۔اس وقت امریکہ میں اومی کرون (جنوبی افریقن قسم )کے کیسز ڈیلٹا (بھارتی قسم) سے بڑھ چکے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یونائٹڈ، ڈیلٹا اور الاسکا ایئرلائنز انتظامیہ نے کرسمس سے ایک دن پہلے کی متعدد پروازیں منسوخ کردی ہیں۔

یونائیٹڈ ایئر لائنز نے 120جب کہ الاسکا ایئر لائنز نے اپنی 17 پروازیں منسوخ کی ہیں ۔امریکن آٹوموبل ایسوسی ایشن کے اندازوں کے مطابق 23 دسمبر سے 2 جنوری کے دوران 10 کروڑ 90 لاکھ افراد 80 کلومیٹر یا اس سے زیادہ کا سفر سڑک، ہوائی جہاز یا ٹرانسپورٹ کے کسی اور طریقے سے کریں گے۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اومی کرون کے پھیلاؤ کے باوجود کرسمس کی چھٹیوں میں سفر زیادہ متاثر نہیں ہوگا۔امریکن ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ وہ 19 دسمبر سے یکم جنوری تک روزانہ پانچ ہزار پروازیں چلا رہے ہیں۔ یہ ایئرلائنز کے شیڈول کا 86 فیصد حصہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close